فیول ایڈجسٹمنٹ : ملکی تاریخ میں پہلی بار بجلی چار روپے بیالیس پیسے یونٹ سستی کرنیکی منظوری

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نیپرا نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بجلی 4 روپے 42 پیسے یونٹ سستی کرنے کی منظوری دیدی ہے جس کے باعث تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کو 25 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر سماعت چیئرمین نیپرا طارق سدوزئی کی سربراہی میں سی پی پی اے نے موقف اختیار کیا کہ فروری میں فرنس کی قیمت میں کمی اور پن بجلی کی اضافی پیداوار کے باعث فیول لاگت کم رہی۔ فروری کیلئے ریفرنس فیول لاگت 8 روپے 99 پیسے فی یونٹ مقرر تھی جبکہ اصل فیول لاگت 4 روپے 62 پیسے فی یونٹ ریکارڈ کی گئی۔ فروری میں تقسیم کار کمپنیوں کو 5 ارب 76 کروڑ 87 لاکھ یونٹ بجلی فروخت کی گئی جس پر مجموعی فیول لاگت 26 ارب 67 کروڑ 24 لاکھ روپے رہی۔ فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار پر فیول لاگت 8 روپے 39 پیسے فی یونٹ، ڈیزل 15 روپے 52 پیسے اور گیس پر فیول لا گت 4 روپے 89 پیسے فی یونٹ رہی۔ کوئلے سے بجلی کی پیداوار پر فیول لاگت 4 روپے 49 پیسے، نیوکلیئر 1 روپے 18 پیسے اور شوگر ملوں سے خریدی گئی بجلی پر فیول لاگت 8 روپے 33 پیسے فی یونٹ رہی۔ ایران سے درآمدی بجلی کی قیمت 10 روپے 20 پیسے فی یونٹ رہی۔ یکم فروری تا 15 فروری فرنس آئل کی قیمت 34 ہزار 362 روپے فی ٹن اور 16 تا 28 فروری 39 ہزار 714 روپے فی ٹن رہی۔ بجلی کے نرخوں میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک اور 50 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر نہیں ہوگا۔کے الیکٹرک نے بھی بجلی کے نرخوں میں کمی کیلئے نیپرا کو درخواست دیدی ہے۔ ترجمان کے مطابق اپریل 2014ءسے فروری 2015ءتک 7 روپے 40 پیسے کم کئے گئے۔ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایک روپیہ 59 پیسے کمی کی درخواست دی ہے۔
بجلی قیمت


ای پیپر دی نیشن