اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) بری فوج کے پانچ افسران کو ترقی دے کر لیفٹیننٹ جنرل بنا دیا گیا ہے جبکہ دو کور کمانڈروں سمیت پانچ تبادلے بھی کئے گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات کو بری فوج کا نیا چیف آف جنرل سٹاف مقرر کیا گیا ہے جبکہ موجودہ چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد کو ملتان کا نیا کور کمانڈر مقرر کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل مظہر جمیل سٹرٹیجک پلانز ڈویژن کے نئے ڈی جی ہوں گے۔ ترقی پانے والے لیفٹیننٹ جنرل انور علی حیدر کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا صدر مقرر کیا گیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے بہاولپور کے نئے کور کمانڈر مقرر کئے گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے ایک اور بیان میں بتایا گیا ہے بری فوج کے پانچ افسران کو میجر جنرل سے لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔ ترقی پانے والوں میں میجر جنرل عمر محمود حیات، ظفر اقبال ملک، جاوید محمود بخاری، انور علی حیدر اور شاہد بیگ مرزا شامل ہیں۔ ترقی پانے والے ان افسران میں آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل عاصم میجر جنرل عاصم باجوہ شامل نہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال مئی جبکہ کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل عابد پرویز رواں ماہ ریٹائر ہو جائیں گے۔
فوجی افسر / ترقی