تحریر: شاہد محمود گھمن
اطاعت خداوندی اور اتباع سنت مصطفوی میں زندگی بسر کر نے والوں میںپیکر صدق و صفا الحاج صوفی محمد صادق کا شمار ان محسنین اسلام اور عاشقان رسول میں ہوتا ہے جو صورت و سیرت کے لحاظ سے ہمارے اسلاف کی تصویر تھے۔ الحاج صوفی محمد صادقؒ کیلانی ہریکوٹی نے دنیاوی تعلیم حاصل کرنے کے بعد دینی علوم کیلئے حضرت مولانا امام دین نقشبندی شرقپوری سے اکتساب کیا ۔ آپ کو بچپن ہی سے ٰ حضرت شیر ربانی شرقپوری کے صاحب کرامت بزرگ حضور قبلہ پیر سید نورالحسن شاہ بخاری آستانہ کیلیانوالہ شریف کے دست حق پرست پر بیعت کرنے کی سعادت حاصل ہو چکی تھی۔ آپ بلند اخلاق، اعلیٰ کردار کے مالک، سنت و شریعت کے پابند تھے۔ عشق رسول میں ڈوب کر محبت و عقیدت اور احترام سے اس انداز میں نعت رسول مقبول پڑھتے کہ سامعین پر وجد طاری ہو جاتا۔
ثناء خوان رسول الحاج صوفی محمد صادق کا فرمان ہے کہ شریعت کا باغی دشمن ہوائوں میں اڑ کر آگ اور پانی پر چل کر شعبدہ باز تو ہو سکتا ہے مگر قرب الٰہی کی منزل کا مسافر نہیں ہو سکتا۔ قرب الٰہی کیلئے مرشد کامل کی بیعت اور رہنمائی ضروری ہے۔
الحاج صوفی محمد صادق نے اپنے پیرو مرشد حضرت پیر سید نورالحسن شاہ بخاری کے وصال کے بعد تاجدار روحانیت، مقبول بارگاہ رسالت الحاج پیر سید محمد باقر علی شاہ بخاری کے زیر سایہ غلامی میں زندگی بسر کر دی جمعۃ المبارک اور اتوار کو مرکز انوار و تجلیات آستانہ عالیہ حضرت کیلیانوالہ شریف میں ضرور حاضری دیتے دربار شریف کے علاوہ کئی کئی گھنٹے قبلہ سجادہ نشین کی بارگاہ میں باوضو دوزانوں بیٹھے رہتے ۔ عقیدت و محبت کا یہ عالم تھا کہ آپ اپنے شیخ طریقت کے آستانے وادی تصوف و نور کی طرف کبھی بھی پائوں کرکے نہیں سوئے ۔الحاج صوفی محمد صادق اپنے مرشد الحاج پیر سید عظمت علی شاہ بخاری چن جی سرکار کے آغوش ولایت میں اندرون اور بیرون ملک جلسوں، کانفرنسوں اور محافل میلاد میں شعائر اسلامی کی ترویج کرتے رہے۔ اورقبلہ چن جی سرکار کے ساتھ آپ نے حج بیت اللہ،زیارت روضہ رسول کریم اور متعدد عمروں کی بھی سعادت حاصل کی ۔ ریاض رسول ؐ کی عقیدت میں طویل عرصے تک چہکنے والا یہ بلبل 21ستمبر2009کو 90سال کی عمر میں اپنے چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ کرخالق حقیقی سے جا ملا۔ نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں علماء و مشائخ اور عوام نے شرکت کی ۔آپ کو گوجرانوالہ کے نواحی گائوں کوٹ ہرا کی مرکزی جامع مسجد کے متصِل مولانا امام دین نقشبندی شرقپوری کے پہلو میں سپردخاک کیا گیا۔آپ کا سالانہ عرس مبارک آپ کے استاد اور بزرگ عالم باعمل مولانا علامہ امام دین نقشبندی،شرقپوری کے سالانہ عرس مبارک کے ساتھ ہی 12اپریل بروز اتوار کو کوٹ ہرا میں منایا جاتا ہے۔