اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں اجلاس میں انکم ٹیکس کی بعض حساس رعایات کے خاتمہ کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر خزانہ کی صدارت میں اجلاس میں ایف بی آر کی ٹیم کے انکم ٹیکس نے قانون کے تحت پاکستان میں عدلیہ اور عسکری حلقوں کو دی جانے والی رعایات کے بارے میں بریفنگ دی۔ ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ہدف کے تحت آئندہ بجٹ میں تمام ٹیکس رعایات کو ختم کیا جانا ہے۔ انکا حجم 100 ارب روپے کے لگ بھگ ہے اور ان میں سے سب سے بھاری حجم انکم ٹیکس کاہے جہاں عدلیہ‘ اعلی فوجی افسروں، سول حکام کو بھاری ٹیکس رعایات حاصل ہیں۔ وزیر خزانہ کو بتایا گیا کہ جہاں جہاں ایس آر اوز کے ذریعے رعایات ہیں وہاں تو ایس آر او کو واپس لینے رعایت ختم کی جاسکتی ہے۔اسحاق ڈار نے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ مالی سال 2015-16ء کی آخری سہ ماہی کا ہدف پورا کرنے کے لئے مثبت کوششیں جاری رکھے۔
اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس، بعض انکم ٹیکس رعایات کے خاتمے کا فیصلہ نہ ہوسکا
Apr 10, 2016