انتخابات میں لوگوں کو تخت رائے ونڈ سے آزادی مل جائیگی : بلاول

Apr 10, 2017

لاہور (خبرنگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے پاس غریب عوام کیلئے بہترین منصوبے موجود ہیں اور آئندہ انتخابات میں پورے پنجاب سے مسلم لیگ (ن)کا صفایا کردیں گے جس سے جنوبی پنجاب کو تخت رائیونڈ سے نجات مل جائیگی۔ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا انہیں یہ جان کر بہت افسوس ہوا جنوبی پنجاب کی شرح خواندگی صرف 12 فیصد ہے لیکن اب جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے دن ختم ہوچکے، یہاں کے باسی ترقی کی روشن صبح اور مساوی مواقع کیلئے تیار ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہارون آباد میں ہمارے کارکن کے قاتل دندناتے پھر رہے ہیں اور پولیس انہیں گرفتار کرنے کیلئے تیار نہیں حقیقت میں شفاف تحقیقات کا اعلان کرنے والی پنجاب حکومت ہی اس جرم میں ملوث ہے۔ بلاول ہا ﺅس لاہور میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پارٹی عہدیداران اور رہنما ﺅں نے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ، مخدوم احمد محمود‘ شوکت بسرا اور دیگر پارٹی رہنما موجود تھے۔بلاول بھٹو زرداری نے جنوبی پنجاب کے عہدیداران کے انٹرویوز بھی کیے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی سے پارٹی رہنما بشیر ریاض نے بھی ملاقات کی اور بھٹو فاﺅنڈیشن کی نئی کتاب افکار ذوالفقار بھٹو پیش کی۔ علاوہ ازیں چیئرمین بلاول بھٹو نے مزید کہا پنجاب میں جنگل اور مسلم لیگ ن کا قانون کسی صورت چلنے نہیں دیں گے‘ حکمران شعبدہ بازی کے سوا کچھ نہیں کر رہے؟ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا نعرہ لگانیوالے اب کہاں ہیں؟ ملک میں اب بھی بدترین لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے‘ عوام تخت رائے ونڈ کے عذاب سے تنگ آ چکی ہے‘ ہم قوم کو آئندہ عام انتخابات میں ان سے نجات دلائیں گے۔ بلاول بھٹو نے ہارون آباد حملے کے مقتول کارکنان امتیاز احمد کے لواحقین سے بھی ملاقات کی۔ مزید برآںپاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت جنوبی پنجاب کا اہم اجلاس آج (پیر)کو طلب کر لیاگیا۔ اجلاس پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کی قیادت، سی ای سی کے ارکان شریک ہوں گے۔ بلاول بھٹو نے اجلاس میں جنوبی پنجاب سے منتخب ارکان پارلیمنٹ کو بھی مدعو کر لیا ہے۔ اجلاس میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے دورے، جلسوں اور تنظیمی امور پر مشاورت کی جائے گی۔ بلاول بھٹو پارٹی کی سینئر قیادت سے سیاسی حکمت عملی پر بھی مشاورت کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے بعد بلاول بھٹو پریس کانفرنس میں اپنی سیاسی حکمت عملی بیان کریں گے۔

مزیدخبریں