سعودی عرب ہر مشکل میں پاکستان کیساتھ کھڑا رہا‘ خوشیاں اور غم سانجھے ہیں : شہبازشریف

سعودی عرب ہر مشکل میں پاکستان کیساتھ کھڑا رہا‘ خوشیاں اور غم سانجھے ہیں : شہبازشریف
لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ماڈل ٹاؤن میں امام کعبہ الشیخ صالح محمد بن طالب نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے امام کعبہ الشیخ صالح محمد بن طالب اور ان کے وفد کے ارکان سے عربی زبان میں گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان اور لاہور آمد پر امام کعبہ الشیخ صالح محمد بن طالب کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مفادات مشترکہ ہیں۔ سعودی عرب کے حکمران مسلمانوں کے مقدس اور متبرک مقامات کی حفاظت اور دیکھ بھال کی ذمہ داری نیک نیتی سے نبھا رہے ہیں۔امام کعبہ کی پاکستان کی سرزمین پر مبارک آمد کے باعث پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں ملکوں کی حکومتوں اور عوام میں مزید قربتیں آئیں گی۔ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہماری خوشیاں اور غم سانجھے ہیں۔ پاکستان کی حکومت اورعوام سعودی عرب کی حکومت اور عوام کی خدمت کیلئے ہر وقت تیار ہیں اور ہم سعودی عرب کیساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے شاہی خاندان نے پاکستان کی ہمیشہ بھر پور مدد کی ہے اور سعودی عرب مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کیساتھ کھڑا رہا ہے۔ امام کعبہ الشیخ صالح محمد بن طالب نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جو محبت اورخلوص مجھے ملا ہے وہ ناقابل فراموش ہے۔ جب بھی کسی پر مشکل آئی تو دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کا مکمل ساتھ دیا ہے اور مشکلات میں معاملات کو حل کیا ہے۔ دنیا جانتی ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے سے وفا کرنیوالے ملک ہیں اور آج کٹھن دور میں چیلنجز درپیش ہیں تو ہم پاکستان کی طرف دیکھتے ہیں پاکستان کے عوام اور حکمرانوں کی طرف دیکھتے ہیں کیونکہ سعودی عرب کے حکمران اور عوام جانتے ہیں کہ پاکستان کے حکمران اور عوام وفادار، پرخلوص اور ایماندار ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کی اسی بے مثال دوستی پر دشمن نظریں جمائے بیٹھے ہیں لیکن ان کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ پاکستان اور سعودی عرب سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار ملک ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کا مضبوط ہونا پوری امت مسلمہ کا مضبوط ہونا ہے۔ اتحاد، اتفاق اور اجتماعی کیفیت سے ہم نے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے۔ اسلام امن کا دین ہے۔ دین اسلام وسعت والا دین ہے۔ سعودی عرب کی حکومت اور عوام پاکستان کی حکومت اور عوام سے گہری محبت رکھتے ہیں۔ اللہ تعالی شریف خاندان پر اپنی برکتیں اور رحمتیں نازل کریں۔ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف پاکستان کے ساتھ وفا کرنیوالے حکمران ہیں اور یہ پاکستان کے عوام کی دل کیساتھ خدمت کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف ہمارے بھائی ہیں ہمیں ان کی قیادت پر فخر ہے کہ وہ پاکستانی عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ ٹیکس ڈے منانے کا مقصد عوام میں ٹیکس ادائیگی کے حوالے سے شعور اور آگہی پیدا کرنا ہے اور ٹیکس کی ادائیگی کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔ شہباز شریف نے ٹیکس ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب حکومت ٹیکس کے ذریعے حاصل ہونیوالے وسائل عوام کو تعلیم، صحت اوردیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کررہی ہے۔ دریں اثناء پنجاب محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جانب سے امن کی پیغامبر کے عہدے پر نامزدگی پر ملالہ یوسف زئی کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی کا اقوام متحدہ کی مسینجر آف پیس مقرر ہونا ملک و قوم کیلئے اعزاز ہے۔

شہباز شریف

ای پیپر دی نیشن