عظیم انسان ڈاکٹر مجید نظامی کی یاد میں

مکرمی! ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم آسمان صحافت کے وہ روشن ستارے ہیں جن سے ایک عالم نے فیض پایا، سچے، کھرے، حق بات کہنے اور اس پر ڈٹ جانے والے جرات اظہار سے کوئی طاقت، کوئی لالچ، کوئی خوف انہیں روک نہیں سکتا تھا۔ جن کی رگ رگ میں ملک و قوم کا درد سمایا ہوا تھا۔ تقریباً 18 سال پہلے کی بات میرے کزن محمد حنیف رامے مرحوم سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میرے گھر آئے اور والدہ محترمہ سے ملاقات کی اور دعائیں لیں اور کہنے لگے بھائی خالد ایڈیٹر نوائے وقت مجید نظامی سے ملنے جا رہا ہوں، تم بھی ساتھ چلو جناب مجید نظامی سے ملنے کی دل میں تمنا تھی، میں جلدی سے تیار ہوا۔ نوائے وقت کے دفتر پہنچے تو مجید نظامی صاحب نے کمرے میں بڑی خوشدلی سے ہمارا استقبال کیا کھڑے ہو کر برادرم حنیف رامے سے ملے۔ برادرم رامے صاحب نے میرا تعاف کرایا کہ یہ میرے چچا چودھری برکت علی بانی ’’پنجاب بک ڈپو‘‘ اور ’’ماہنامہ ادب لطیف‘‘ کے بیٹے محمد خالد چودھری ہیں۔ جناب نظامی صاحب بڑے خلوص سے ملے اور مجھ سے ہاتھ ملایا اور پھر رامے صاحب سے گفتگو کرنے لگے۔ مجھے یاد ہے والد محترم چودھری برکت علی جناب حمید نظامی کی بہت عزت کیا کرتے تھے اور کہاکرتے تھے کہ حمید نظامی صاحب ایک عظیم انسان ہیں تحریک پاکستان میں ان دونوں حضرات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ تحریک آزادی کے حوالے سے ہزاروں پوسٹر، پمفلٹ تخلیق کئے اور شائع کئے اور کسی قربانی سے دریغ نہ کیا۔ ڈاکٹر مجید نظامی نے روزنامہ نوائے وقت کے ذریعے پاکستان، صحافت اور ادب کی جو خدمت کی وہ سنہرے حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے۔ خدا تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ نوائے وقت کو ہمیشہ ہرا بھرا رکھے (دعا گو محمد خالد چودھری بابائے اردو بازار)

ای پیپر دی نیشن