رحیم یار خان: جھونپڑیوں میں لگی آگ سے جھلس کر 2 بچے جاں بحق

Apr 10, 2017

 (نوائے وقت رپورٹ+ کرائم رپورٹر) رحیم یار خان کے علاقے چک 73 میں جھونپڑیوں میں آگ لگ گئی جس سے دو بچے جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق جھونپڑیوں میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ دریں اثناءگزشتہ روز نواحی علاقہ فضل آباد کے رہائشی علی مر تضیٰ شاہ کی اہلیہ زینب بی بی نے اپنے گھر میں دودھ سے چائے بنائی جس کے استعمال سے شوہر علی مرتضیٰ شاہ، بیوی زینب، 5سالہ بیٹی فاطمہ اور 6ماہ کا بیٹا یٰسین بیہوش ہوگئے جنہیں گھر میں موجود دیگر اہلخانہ نے فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا جہاں متاثرہ افراد کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جارہی ہے جبکہ ورثاءکے مطابق دودھ میں چھپکلی گرجانے سے دودھ زہریلا ہوگیا تھا۔ قبل ازیں قومی شاہراہ پر واقع آٹو الیکٹریشن ورکشاپ میں موجود کار کی وائرنگ میں ہونے والے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے آٹو الیکٹریشن ورکشاپ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ لگنے والی آگ کے نتیجہ میں ورکشاپ میں موجود لاکھوں روپے مالیت کی کاریں اور ورکشاپ میں دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو فائر فائٹرز نے آگ پر کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پا لیا۔ اس موقع پر ورکشاپ مالک شاہد عباس نے بتایا کہ آگ گاڑی کی وائرنگ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ نقصان کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔ 

مزیدخبریں