فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ) فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال میں مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے شعیب ادریس نے سکیورٹی گارڈ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ نجی ٹی وی کے مطابق شعیب ادریس نے سکیورٹی گارڈ کو تھپڑ مارا جبکہ ان کے گارڈز نے عملے پر اسلحہ تان لیا۔ سکیورٹی گارڈز نے ایم پی اے کو ڈاکٹرز کے راﺅنڈ کے باعث داخلے سے روکا جس پر جھگڑا ہو گیا۔ شعیب ادریس کا کہنا ہے ہسپتال کے سکیورٹی گارڈز نے ساتھیوں پر تشدد کیا۔ 60 سے 70 لوگوں نے میرے محافظوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ہمارے دو لوگ زخمی ہوئے۔ ہسپتال کے گارڈز پر تشدد نہیں کیا۔ ہسپتال کے گارڈز کے خلاف قانونی کارروائی کروں گا۔ میرے ساتھیوں کو یرغمال بنایا اور پی اے کو زخمی کر دیا۔ الائیڈ ہسپتال مریض کی عیادت کرنے گیا تھا۔