رینالہ خورد: پولیو کے قطرے پینے سے اڑھائی سالہ بچی جاں بحق، ورثا کا احتجاج

Apr 10, 2018

اوکاڑہ، رینالہ خورد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) پولیو کے قطر ے پینے کے بعد اڑھائی ماہ کی بچی جاں بحق ہوگئی۔ گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیم پولیو قطرے پلا نے کیلئے علیم ٹاؤن آئی جہاں انہوں نے رائے مجاہد کی اڑھا ئی ماہ کی بیٹی مناحل کو قطرے پلائے جس سے اس کی حالت غیر ہوگئی۔ اسے فوری مقامی ہسپتال لے جایا جا رہا تھا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ ورثا نے واقعہ پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بچی کی موت پولیو کے قطر ے پلانے سے ہوئی تاہم محکمہ صحت کے ترجمان کے مطا بق بچی کی ہلاکت قطر ے پلانے سے نہیں بلکہ کوئی اور وجہ ہوسکتی ہے۔ دوسری طرف اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مہر ارشاد نے بتایا کہ اس گھر میں موجود مناحل کی جڑواں بہن اور اسکے بڑے بھائی جس کی عمر تین سال ہے، کو بھی قطرے پلائے گئے تھے۔ اگر قطروں میں کوئی خامی یا نقص ہوتا تو اسکی بہن اور بھائی کو بھی نقصان پہنچتا۔ اسی طرح اس علاقہ کے 12/13 گھروں کے بچوں کو بھی قطرے پلائے گئے لیکن کوئی ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔ ڈاکٹر ارشاد کے مطابق واقعہ کی اطلا ع ملنے پر میں اپنے ٹیم جس میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر خورشید،چائلڈ سپیشلٹ ڈاکٹر سعید اختر اور نگران آفیسر ڈاکٹر محمد علی سید شامل تھے، کے ہمراہ گیا جس میں ٹیم نے پایا کہ متوفی مناحل پیدائشی طور پر کمزور تھی اور اس کا مقامی چائلڈ سپیشلٹ سے علاج بھی ہو رہا تھا۔ بچی خون اور کیلشیم کی کمی کا بھی شکار تھی۔ قطرے پلانے سے 10 منٹ قبل بچی نے دودھ پیا تھا۔ قطرے پلانے کے بعد اسکو قے آگئی جس کی وجہ سے قے کا کچھ مادہ اسکی سانس کی نالی میں چلاگیا۔ اگرچہ سے یہ مادہ نکالنے کی کوشش بھی کی گئی لیکن بچی جانبر نہ ہوسکی ۔تاہم بتایا گیا ہے کہ محکمہ صحت کے اعلیٰ افسروں نے بچی کی ہلاکت پر نوٹس لیتے ہوئے انکوائری شروع کردی ۔ انکوائری اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہلاکت کے اصل حقائق سامنے آئینگے۔

مزیدخبریں