لاہور، گوجرانوالہ (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ آٹھ گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا۔ موسم گرما کا آغاز ہوتے ہی حکومت کے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوئوں کی پول کھل گئی۔ بجلی کی آٹھ سے دس گھنٹے تک بندش کے باعث لوگوں کا کاروبار زندگی شدید متاثر ہو رہا ہے‘ بیروزگاری کی وجہ سے لوگوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے۔ ہر ایک گھنٹے بعد ایک گھنٹے کیلئے بجلی بند کر دی جاتی ہے۔گوجرانوالہ میں دورانیہ 14 گھنٹوں کی حدوں کو چھونے لگا۔ ریجن میں ڈیمانڈ 1447 جبکہ سپلائی 1243 میگاواٹ ہے۔ قصبہ گکھڑ منڈی اور گردونواح میں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے اور شہری علاقوں میں چھ سے آٹھ گھنٹے جبکہ دیہاتوں میں اس سے زیادہ لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔ فیسکو کے سارا دن اوررات وقفے وقفے سے بغیر کسی شیڈول کے بجلی بند کر دی جاتی ہے۔ جڑانوالہ میں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری رہی جس نے صارفین کی زندگی اجیرن بنا دی۔
مختلف شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری، شہریوں کا احتجاج
Apr 10, 2018