پی ٹی آئی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس پرسوں طلب، عمران اسماعیل کراچی میں پارٹی کی سیاسی رابطہ کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مقرر

Apr 10, 2018

اسلام آباد (آن لائن+وقائع نگار خصوصی) تحریک انصاف کی مرکزی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس پرسوں 12اپریل کو طلب کرلیا گیا ہے۔ صدارت چیئرمین عمران خان کرینگے۔ اجلاس میں آئندہ انتخابات سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال اور تیاریوں سے متعلق اہم فیصلے کئے جائینگے۔ دوسری طرف چیئرمین پی ٹی آئی نے پارٹی کے سینئر رہنما عمران اسماعیل کو کراچی کی سیاسی رابطہ کمیٹی کا کوآڑڈینیٹر مقرر کردیا ہے، باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران اسماعیل کراچی سے تحریک انصاف میں شمولیت کی خواہاں شخصیات کی چیئرمین سے ملاقاتوں کی تفصیلات طے کریں گے۔واضح رہے کہ ایم کیو ایم میں اختلافات اور پی ایس پی کو کراچی میں پذیرائی نہ ملنے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی ایک بار پھر کراچی می سیاست میں فعال ہوگئے ہیں ۔ چند روز قبل دورہ کراچی کے موقع پر انہوں نے آئندہ الیکشن کراچی سے لڑنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

مزیدخبریں