دور ہ آئرلینڈ و انگلینڈسے قبل پاکستان کا اسپن ڈپارٹمنٹ چکرا گیا۔پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ11 مئی سے 15 مئی تک ڈبلن میں کھیلا جائے گا، انگلینڈ کے خلاف طویل فارمیٹ کے میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ 24مئی کو لارڈز،دوسرا یکم جون کو لیڈز میں شروع ہوگا۔انگلش کنڈیشنز میں اہم ہتھیار سمجھے جانے والے یاسر شاہ کولہے کی ہڈی میں تکلیف کے سبب دستیاب نہیں ہوںگے، یہ صورتحال ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹرز دونوں کیلیے تشویش کا باعث ہے، 28 ٹیسٹ میں 165 وکٹیں حاصل کرنے والے 31سالہ لیگ اسپنر کو 4 ہفتے آرام کرنا ہوگا، انھیں فٹنس کی مکمل بحالی کیلئے مزید 6ہفتے درکار ہوں گے۔یاسر کی کمی پوری کرنے کیلئے صرف ایک ٹیسٹ کا تجربہ رکھنے والے لیگ اسپنر شاداب خان،ڈیبیو کے منتظر بلال آصف اور کاشف بھٹی پر انحصار کرنا ہوگا۔شاداب نے واحد ٹیسٹ بارباڈوس میں ویسٹ انڈیز کیخلاف کھیلتے ہوئے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ یاد رہے کہ 2016میں پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف سیریز برابر کرتے ہوئے عالمی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پائی تھی یاسر شاہ نے لارڈز میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔