ہر دلعزیز سفیر مارٹن کوبلر سبکدوش، واپس جرمنی چلے گئے، شیروانی پہن کر الوداعی پیغام ریکارڈ کرایا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان میں انتہائی مقبول جرمن سفیر مارٹن کوبلر 2 سال بعد اپنے عہدے سبکدوش ہونے کے بعد اپنے وطن روانہ ہوگئے۔ ماٹرن کوبلر کو ان کے عوامی انداز اور پاکستان کے مثبت پہلو اجاگر کرنے کے باعث عوام بے حد پسند کرتے ہیں۔ پاکستان سے واپسی سے پہلے انہوں نے اپنا الوداعی پیغام بھی ریکارڈ کرایا جس میں خصوصی طور پر تیار کردہ شیروانی پہنے نظر آئے۔ پیغام میں انہوں نے بتایا کہ وہ بہت اداس دل کے ساتھ اپنے وطن لوٹ رہے ہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے پاکستان کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔ زندگی کے کسی بھی شعبے میں پاکستان کو ملنے والا کوئی اعزاز ہو یا کسی بھی پاکستانی کا کوئی کارنامہ مارٹن کوبلر نے کبھی پاکستان کو سراہنے میں کنجوسی نہیں دکھائی۔ وہ پاکستانی ثقافت کے بھی بڑے دلدادہ ہیں، خاص کر روایتی فنون سے دلچسپی کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ جرمنی میں اپنے استعمال کے لئے پاکستانی ٹرک آرٹ سے مزین سکوٹر اور خوبصورت تاریخی دروازہ بھی اپنے ساتھ جرمنی لے کر گئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن