اسلام آباد (آئی این پی)انٹرپول نے سابق وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے ریڈوارنٹ کے اجراء کیلئے مزید دستاویزات مانگ لیں، وزارت داخلہ نے نیب کو اسحاق ڈار کے خلاف انٹرپول کی طرف سے طلب کی گئی دستاویزات کی فراہمی کیلئے خط لکھ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے حکم پر وزارت داخلہ نے سینیٹر اسحاق ڈار کے ریڈوارنٹ کی منظوری دی تھی اور اس کیلئے نیب کی طرف سے ارسال کیا گیا ریفرنس انٹرپول کو بھیج دیا گیاتھا، وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کو ملزم کے ریڈوارنٹ کے اجراء کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق انٹرپول نے سینیٹر اسحاق ڈار کے ریڈوارنٹ کے اجراء کیلئے فراہم کی گئی دستاویزات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مزید دستاویزات طلب کرلی ہیں اور اس حوالے سے باضابطہ طور پر ایک خط وزارت داخلہ کو بھجوایا گیا ہے، وزارت داخلہ نے انٹرپول کے خط کی روشنی میں نیب کو مطلوبہ دستاویزات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے تا کہ ملزم کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کو یقینی بناتے ہوئے انہیں برطانیہ سے پاکستان لایا جا سکے۔