اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)بین الاقوامی تعاون اور رابطوں کے بارے میں پاکستان چین مشترکہ ورکنگ گروپ کا افتتاحی اجلاس گزشتہ روز بیجنگ میں ہوا۔ دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ چینی وفد کی قیادت نائب وزیرخارجہ یوان یو کانگ نے کی۔ طرفین نے پاک چین اقتصادی راہداری کے مختلف منصوبوں میں پیشرفت پر اطمینان ظاہر کیا اور اس رفتار کو جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا۔دونوں وفود نے سی پیک کے تحت بین الاقوامی تعاون اور رابطوں کے بارے میں مشترکہ تجاویز پر تبادلہ خیال کیا اورمزید امکانات کا جائزہ لیا۔انہوں نے سی پیک اور ایک خطہ ایک شاہراہ منصوبے کے خلاف خود ساختہ تنقید کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے مختلف سطحوں اور طریقوں سے مشترکہ کوششوں کے ذریعے ان سازشوں کی روک تھام پراتفاق کیا۔بین الاقوامی تعاون کے بارے میں مشترکہ ورکنگ گروپ گزشتہ سال نومبر میں سی پیک کی مشترکہ تعاون کمیٹی کے آٹھویں اجلاس کے دوران تشکیل دیا گیا تھا۔مشترکہ ورکنگ گروپ کا آئندہ اجلاس باہمی طور پر متفقہ تاریخوں پر اسلام آباد میں ہوگا۔