شاہد خاقان عباسی کو 25اپریل تک جواب جمع کروانے کی آخری مہلت

اسلام آباد(نا مہ نگار)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف قدرتی مائع گیس(ایل این جی) اسکینڈل کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہوگئی اور قومی احتساب بیورو (نیب)نے لیگی رہنما کو 25اپریل تک جواب جمع کروانے کی آخری مہلت دے دی ہے،نیب ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کے خلاف کیس کے تفتیشی افسران نے پیش رفت سے متعلق ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان منگی کو آگاہ کردیاہے ذرائع کا کہناہے کہ سابق وزیر اعظم کی درخواست پر احتساب کے ادارے نے 3مرتبہ جواب جمع کروانے کی مہلت دی جبکہ شاہد خاقان عباسی کی درخواست پر نیب نے وزارت پیٹرولیم سے بھی رابطہ کیا اور نیب نے وزارت سے ریکارڈ کے حصول میں ان کی مدد بھی کی۔نیب ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کو مجموعی طور پر 6نوٹس جاری کیے، 6مرتبہ وقت دینے کے باوجود شاہد خاقان عباسی تاحال مکمل جواب جمع نہیں کرواسکے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ شاہد خاقان عباسی نے نیب کو ابھی تک اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم نہیں کیں جبکہ سابق وزیر اعظم طلبی سے قبل مکمل جواب دینے کا دعوی کرتے رہے، اس بارے میں نیب افسران نے حکام کو بھی آگاہ کردیا۔

ای پیپر دی نیشن