حافظ نعیم الرحمن نے عیسیٰ نگری کے چرچز میں راشن بیگ پہنچائے

Apr 10, 2020

کراچی(نیوزرپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے جمعرات کے روز عیسیٰ نگری کا دورہ کیا ۔ مختلف چرچز میں مسیحی برادری کے لیے غذائی اجناس پر مشتمل راشن بیگ پہنچائے ۔ اس دوران الخدمت کی جانب سے عیسیٰ نگری کی گلیوں میں بڑی مقدار میں اسپرے بھی کیا گیا ۔ عیسیٰ نگری میں اب تک 31چرچز سمیت آبادی میں جراثیم کش اسپرے کیا جا چکا ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے پاسٹر حضرات اور مسیحی نمائندوں سے ملاقات بھی کی ۔ پاسٹرکرنیل اللہ دتہ ، پاسٹر رفاقت اور پاسٹر سجاد نے حافظ نعیم الرحمن کا شکریہ ادا کیا اور جماعت اسلامی اور الخدمت کی کوششوں کو خراج ِ تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع قائدین کے امیر سیف الدین ایڈوکیٹ ، سیکریٹری سلیم عمر،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، جماعت اسلامی منارٹی ونگ کے نائب صدر سموئیل نذیر ، آصف بھٹی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے عوام کے لیے اعلانات تو بہت کیے جارہے ہیں لیکن حکومت کا راشن ریلیف پیکیج کہیں نظر نہیں آرہا ۔شدید بحران میں بھی وزیر اعظم اور ان کے ٹائیگرز سیاسی گیم اسکورنگ میں لگے ہوئے ہیں ۔ غریب اور مزدور طبقے کو اپنا مستقبل خطر ے میں نظر آرہا ہے اور متوسط گھرانوں میں بھی پریشانیاں بڑھ رہی ہیں ۔ کارخانوں سے ملازمین کو نکالا جا رہا ہے اور بڑی تعداد میں لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ میں اس موقع پر ملز مالکان سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے اداروں سے ملازمین کو فارغ نہ کریں اور جن کو نکالا گیا ہے ان کو فی الفور بحال کریں ۔
حافظ نعیم الرحمن

مزیدخبریں