کورونا کے خلاف جنگ میں’’ آباد‘‘ حکومت کے ساتھ کھڑی ہے:محسن شیخانی

Apr 10, 2020

کراچی (خبر نگار) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) کے رہنمائوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سندھ حکومت کو عالمی وبا کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اٹھائے گئے قابل تقلید اقدامات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آباد کی جانب سے اس جنگ میں بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔اپنے ایک بیان میں آباد کے چیئرمین محسن شیخانی،سینئر وائس چیئرمین سہیل ورند،وائس چیئرمین عبدالرحمٰن اور چیئرمین سدرن ریجن محمد علی توفیق رتاڑیا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور اپنے لوگوں کی زندگیوں کو بچانے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ حکومت کے اقدامات کو پوری دنیا میں سراہا جارہا ہے۔آباد رہنمائوں نے کہا کہ کورونا وائرس ایک خطرناک متعدی بیماری ہے جو انسانی رابطوں اور ارد گرد ماحول میں گندگی کے باعث پوری دنیا میں پھیل رہی ہے۔آباد رہنمائوں نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی اس مشکل کی گھڑی میں وفاقی حکومت اور تمام صوبوں کی بھرپور مدد اور انتہائی اہم کردار ادا کرنے مسلح افواج کے سربراہان کو سلام پیش کرتے ہیں۔آباد رہنمائوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ملک میں لاک ڈائون سے روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور طبقے کو انتہائی مالی مشکلات کا سامنا ہے جس کے پیش نظر آباد نے اپنی سماجی ذمے داریوں کا احساس کرتے ہوئے کراچی سمیت پورے پاکستان میں مستحق گھرانوں میں راشن اور دیگر اشیائے ضروریہ کی تقسیم بھی شروع کررکھی ہے۔آباد رہنمائوں نے کہا کہ کورونا وائرس ایک عالمی وبا ہے جس نے پوری دنیا کو جکڑ رکھا ہے ۔ انھوں نے پاکستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس مہلک بیماری سے بچنے کے لیے تمام لوگ حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھروں میں رہیں ۔
محسن شیخانی

مزیدخبریں