کراچی(وقائع نگار)وزیر اعلی سندھ و وزیر بلدیات کی ہدایت پر محکمہ بلدیات سندھ نے انڈس ہسپتال اور دیگر فلاحی اداروں کے تعاون سے آوارہ کتوں اور ربیز کے خلاف سائنسی بنیادوں پر پراجیکٹ کا آغاز کردیا۔ گذشتہ روز کی جانے والی کاروائیوں میں ضلع جنوبی اورضلع شرقی میں 65کتوں کو ویکسنیشن کے عمل سے گزار کر دوبارہ متعلقہ علاقوں میں چھوڑ دیاگیا۔ویکسین زدہ کتوں کو پیلا کالر بھی پہنا دیا گیا ہے تاکہ ان کی منفرد شناخت ہوسکے اور کوئی بھی ان کو نقصان نہ پہنچاسکے۔ سیکرٹری بلدیات کے مطابق اپنی طرز کا یہ منفرد پراجیکٹ عوامی مفاد میں شروع کیا گیا ہے جس میں کتوں کو مارنے کے بجائے ان کی ویکسنیشن کرکے ان کو انسانوں کے لئے بے ضرر بنا دیا جاتا ہے اور ساتھ ہی ان کی افزائش نسل روکھنے کا عمل بھی جلد شروع کیا جائے گا۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے روشن علی شیخ نے بتایا کہ صوبے میں آوارہ کتوں کو مارنے کے بجائے انسانی بنیادوں پر مسئلے کا حل نکالنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سماجی تنظیموں کے تعاون سے مرحلہ وار سندھ کے تمام اضلاع میں کتوں کو بے ضرر بنانے کی مہم کا دائرہ کار پھیلایا جائے گا۔ سیکرٹری بلدیات نے بطور خاص انڈس ہسپتال سمیت دیگر فلاحی اداروں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جلد ہی اس پراجیکٹ کی کامیابی کے ثمرات پورے ملک کے لئے عمدہ مثال قائم کریں گے۔
آوارہ کتے
صوبے میں آوارہ کتوں کیخلاف سائنسی بنیادوں پر پروجیکٹ شروع
Apr 10, 2020