کراچی (خبرنگار)میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ جو فلاحی و سماجی ادارے کورونا وائرس کے باعث لاک ڈائون میں شہریوں کی خدمت اور مدد میں پیش پیش ہیں اور اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کررہے ہیں وہ قابل ستائش ہیں، روزمرہ کام کرنے والے غریب افراد کے لئے راشن اور کھانے کا انتظام کرنا عین عبادت ہے اور جو مخیر حضرات اس مشکل وقت میں لوگوں کی مدد کر رہے ہیں وہ اس سلسلے کو جاری رکھیں تاکہ ملک و قوم اس آزمائش کے وقت سے نکل سکیں، یہ بات انہوں نے یوسی34- کریم آباد کی جانب سے غریب اور مستحق افراد کو سستے کھانے کی فراہمی کا آغاز کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ضلع وسطی کے وائس چیئرمین سید شاکر علی، چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، چیئرمین یوسی34- سہیل انور ، وائس چیئرمین شہاب الدین اور منتخب بلدیاتی نمائندے اور افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ ضلعی اور یوسی چیئرمین منتخب بلدیاتی نمائندے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہریوں کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑا ہے انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ یوسی کی سطح پر راشن کی تقسیم کی جائے ، انہوں نے کہا کہ شہریوں کی عزت نفس کو سامنے رکھتے ہوئے ان کے گھروں پر راشن پہنچانے کا سلسلہ اس طرح جاری ہے کہ راشن دیتے وقت کسی قسم کی کوئی تصویر یا سیلفی نہیں بنائی جاتی جبکہ سستا کھانا بھی فراہم کیا جا رہا ہے اس کھانے کے لئے شہریوں سے معمولی رقم وصول کی جاتی ہے تاکہ انہیں یہ احساس ہو کہ وہ کھانے خرید کر کھا رہے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ تیار کھانے کے اس سلسلے کو دوسری یونین کونسلوں تک بھی بڑھایا جائے گا اور خاص کر کچی آبادیوں کی یونین کونسلوں سے گزارش کروں گا کہ وہ تیار کھانے معمولی قیمت میں فراہم کریں ، میئر کراچی نے کہا کہ خدمت خلق فائونڈیشن کے زیر انتظام بڑے پیمانے پر مختلف علاقوں میں راشن کی تقسیم جاری ہے اور ہم نے مخیرحضرات سے درخواست کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں کے کے ایف سے تعاون کریں اور ضرورت کی اشیاء فراہم کریں۔
میئر کراچی