کراچی(رپورٹ سید حمید افسر اشرفی) دنیا بھر میں کرونا وائرس نے جہاں جانی نقصان کیا ہے وہیں معیشت کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ خصوصاً غریب ممالک اورپاکستان میں اسکے منفی اثرات سامنے آرہے ہیں۔ اس سال عیدالفطر کیلئے خریداری میں ریکارڈ کمی کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق طویل لاک ڈائون نے غریبوں کے چولہے ٹھنڈے کردیئے۔ ان حالات میں عید کیلئے نئے کپڑوں کا حصول ناممکن ہوگیا۔ تاجر طبقہ جو ہر سال اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھا کر اپنی سالانہ ضروریات اوراخراجات پورے کرتا تھا اورقرضوں پراٹھائی گئی اشیاء کی ادائیگی کرتا تھا موجودہ صورتحال سے بہت پریشان ہے قرضوں کی ادائیگی کا خوف اورکاروبار ماند پڑنے سے اسکے مستقبل کا خواب چکنا چور ہوگیا۔ ملک کے دیگر شہروں کی طرح پاکستان کے معاشی حب کراچی میں مزید بیروزگاری کا خدشہ ہے۔ تجارتی اداروں نے محنت کشوں کو فارغ کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب کمائیں گے نہیں تواجرت کیسے دینگے۔ غیریقینی حالات میںسیاسی رسہ کشی نے بھی عوام کو احساس محرومی سے دوچار کردیا ہے۔ جسکا ازالہ نہ کیا گیا تو ملک بڑے بحران سے دوچار ہوسکتا ہے۔