کرونا نے عالمی قوتوں کو حواس باختہ کر رکھا ہے‘علامہ ناصر عباس جعفری

کراچی(نیوزرپورٹر )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم ولادت حضرت امام مہدی علیہ السلام کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس وقت عالم بشریت اس نجات دہندہ کی راہ دیکھ رہا ہے جس کی آمد سے کرہ ارض سے ظلم و جور کے بادل چھٹنے کااعلان ہوگا۔دنیا میں حقیقی امن و عدل کاقیام تب ہی ہو گا جب امام برحق امام مہدی علیہ السلام کی آمد ہو گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر، بحرین ،یمن اور فلسطین میں نہتے مسلمانوں پر بربریت و درندگی کا جو بازار گرم کر رکھا ہے وہ خدائے بزرگ و برتر کے غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔جب مظلوم کو دنیا میں کوئی مدد حاصل نہیں ہوتی تو پھر اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس کا ساتھ دیا جاتا ہے۔آج دنیابھر میں پھیلنے والی کرونا وائرس کی وبا نے ان عالمی قوتوں کو حواس باختہ کر رکھا ہے جو طاقت کے نشے میں بدمست تھے۔ان کی رعونت ان کے لیے تباہی کا سامان لے آئی ہے۔یہ سب کے لیے مقام عبرت بھی ہے اور بہترین درس بھی۔طاقت و اختیار کے نشے میں چور ان حکمرانوں کوچاہیے کہ اپنے اعمال کی اللہ تعالیٰ سے گڑگڑا کر معافی مانگتے ہوئے ظلم و زیادتی سے بازآجائیں وگرنہ ان کا انجام بھی نمرودو شداد سے مختلف نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ امام مہدی علیہ السلام سے توسل کے ساتھ ساتھ ہمیں ان سے عہد بھی کرناہوگا کہ صرف وہی راہ اختیار کریں گے جس کی منزل رسولؐ ہے۔
علامہ ناصر عباس جعفری

ای پیپر دی نیشن