اسلام آباد/ سٹاف رپورٹر/کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی موجودہ صورت حال کے سبب پاک بحریہ ضرورت مند خاندانوں کی امداد میں مصروف عمل ہے۔ پاک بحریہ ملک بھر میں کثیر تعداد میں راشن اور حفاظتی کٹس مختلف شہرروں، دیہاتوں اور اسپتالوں میں تقسیم کر رہی ہے۔کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں رہائش پذیر ضرورت مند خاندانوں میں ہزاروں کی تعداد میں راشن بیگ تقسیم کیے گئے۔ علاوہ ازیں پنجاب کے دیگر بڑے شہروں بشمول لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور مظفر گڑھ میں بھی راشن بیگ تقسیم کیے گئے۔ مزید برآں، پاک بحریہ نے مخیر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ کے مختلف اسپتالوں میں حفاظتی سوٹس اور کٹس تقسیم کیں۔ پاک بحریہ کی جانب سے ساحلی اور کریکس علاقے اور ان سے منسلک دور دراز قصبوں اور گوٹھوں میں وسیع پیمانے پر امدادی سرگرمیاں سر انجام دی گئی۔ بلوچستان اور سندھ کے ساحلی علاقے جیوانی، گوادر، سربندر، پسنی، خور کلمت، سومیانی، بن قاسم،کیٹی بندر، جاتی اورچوہڑ جمالی سمیت گوٹھوں میں ہزاروں راشن بیگ تقسیم کیے گئے۔ پاک بحریہ نے اورماڑہ کے مقامی افراد میں بھی بڑی مقدار میں راشن تقسیم کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کرونا وائرس کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے آگاہی مہم بھی چلا رہی ہے۔