اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر دراندازی کرنے والے بھارتی کواڈ کاپٹر (جاسوس ڈرون) کو مار گرایا۔ بھارتی شرارتیں کرونا وبا کے دوران بھی جاری ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی ڈرون ایل او سی کے ساتھ سانکھ سیکٹر کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتا ہوا پاکستان کی حدود میں داخل ہوگیا تھا۔ بھارتی کواڈ کاپٹر نے پاکستانی سرحد میں چھ سو میٹر اندر تک پرواز کی اور اسے پاکستانی علاقے کی نگرانی کیلئے بھیجا گیا تھا۔ پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی کواڈ کاپٹرکو مارگرایا۔ آئی ایس پی آرکے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے اس قسم کے غیر ضروری اقدامات دونوں ممالک کے درمیان مقررہ اصولوں اور فضائی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ فوجی ترجمان کے مطابق یہ اقدام بھارتی فوج کی جانب سے2003 ء کے جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کا مظہر ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ سال پاک فوج نے بھارت کے3 ڈرون مار گرائے تھے۔ اس میں پہلا کواڈ کاپٹر سال کے پہلے دن یعنی یکم جنوری کو باغ سیکٹر میں گرایا گیا تھا۔ بعدازاں ایک روز بعد ہی بھارت نے دوبارہ پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی جسے پاک فوج نے ناکام بناتے ہوئے ستوال سیکٹر میں جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔پاک فوج نے اس جاسوس ڈرون کو فوراً نشانہ بنایا جو برف پر آن گرا۔ آئی ایس پی آر نے اس ڈرون کی تصاویر بھی جاری کی ہیں جن میں کوآرڈ کاپٹرکو برف پر پڑے دیکھا جا سکتا ہے۔ بھارت کی طرف سے جاسوس ڈرون کی پروازوں کے ذریعہ پاک فوج کی چوکیوں اور تعیناتی کے مقامات کا سراغ لگانے کی کوشش کی جاتی ہے لیکن اس کی یہ کوشش ناکام بنا دی جاتی ہے۔