کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان نے وزیراعظم کو بی ایم سی کا دورہ کروا کر مکمل طور پر غلط تاثر دیا ہے۔ صوبے میں کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے کچھ بھی نہیں کیا گیا۔ ہم کرونا وائرس کا مقابلہ انشاء اللہ ٹوئٹر سے کریں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں کہی۔ سردار اختر جان مینگل نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بی ایم سی لے جا کر غلط تاثر دیا گیا۔ صوبے میں میدان پر کچھ نہیں ہے۔ کوئٹہ میں نہ ٹیسٹنگ کٹس ہیں اور نہ ہی صحت کی سہولیات جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اندرون صوبہ میں کیا حالات ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مکمل طورپر غافل اور پاکستان بھر میں کرونا وائرس پھیلنے کی ذمہ دار ہے۔ وزیراعظم کو جس طرح سے کرونا وائرس کیلئے کئے گئے اقدامات پر بریف کیا گیا بتانا چاہتا ہوں کہ بلوچستان میں کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے اقدامات ناکافی ہیں۔ صوبے کا میڈیکل عملہ حفاظتی کٹس اور آلات فراہم نہ کئے جانے پر احتجاج پر ہے اور ہم انشاء اللہ کرونا وائرس کا مقابلہ ٹوئٹر سے کریں گے ۔