فلائیٹ آپریشن 21اپریل تک معطل‘ پاکستانیوں کی واپسی کیلئے پروازوں کی تعداد میں اضافہ

اسلام آباد /کراچی (سٹاف رپورٹر)پی آئی اے نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق آج دس اپریل کو ایک طیارہ ڈنمارک جائے گا، 11 اپریل کو پی آئی اے کی پرواز آذربائیجان کے دارلحکومت باکو سے ایک سو پچیس پاکستانیوں کو واپس لائے گی جب کہ اسی روز ایک پرواز کوالالمپور ائیرپورٹ پر 16 دن سے پھنسے پونے دو سو پاکستانیوں کو واپس لیکر پہنچے گی۔11 اپریل کو ہی پی آئی اے کا خصوصی طیارہ فرانسیسی شہریوں کو ان کے ملک پہنچائے گا۔ 12 اپریل کو ایک پرواز جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کیلئے روانہ ہوگی۔ 13اپریل کو پی آئی اے کا خصوصی طیارہ تھائی لینڈ میں پھنسے 200 پاکستانیوں کو بنکاک سے اسلام آباد لیکر آئے گا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق ان پروازوں پر جانے کے خواہشمند فوری طور پر پی آئی اے سے رجوع کریں۔سول ایسی ایشن اتھارٹی نے فلائٹ آپریشن 21اپریل تک معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے تحت 10اپریل سے21اپریل تک پاکستان میں فضائی آپریشن معطل رہے گا۔ سی اے اے نے پاکستان میں کام کرنے والی تمام فضائی کمپنیوں کو آگا ہ کر دیا۔

ای پیپر دی نیشن