لاہور (آن لائن) قومی کرکٹر عمر اکمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کوجمع کرائے گئے جواب میں کرپشن کی پیشکش کا اعتراف کرلیا ،جس سے ان کی پاکستان سپر لیگ کے بعد انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے معطلی کا امکان پیدا ہوگیا اور ڈیڑھ سال سے 3سال تک کی سزا مل سکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق 29 سالہ ٹیسٹ کرکٹر عمراکمل کواینٹی کرپشن کوڈ کے تحت معطل کیاگیا تھا اورانکوائری مکمل ہونے تک وہ کسی طرح کی کرکٹ میں حصہ نہیں لے سکتے۔عمر اکمل پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کا حصہ تھے تاہم معطلی کے بعد انہیں ڈراپ کر دیا گیا تھا اور ان کی جگہ انور علی کو بطور متبادل کھلاڑی شامل کیا گیا۔ پی سی بی کی جانب سے عمر اکمل کو نوٹس آف چارج 17 مارچ کو جاری کیا گیا اور 14 روز تک نوٹس کا تحریری جواب جمع کرانے کا وقت دیا گیا،31 مارچ کو عمر اکمل نے اپنا جواب بذریعہ ای میل جمع کرایا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل نے اپنے جواب میں دو مرتبہ کرپشن کی آفر ہونے کا اعتراف کیا ہے اور اس حوالے سے پی سی بی کوبروقت آگاہ نہیں کیا،جس پر آرٹیکل 6.2 کے مطابق 6 ماہ سے تاحیات پابندی کی سزا مقرر ہے۔ ذرائع کے مطابق عمر اکمل کو اعتراف جرم پر 18 ماہ سے تین سال تک سزا ہوسکتی ہے اور اس دوران عمر اکمل کھیل کی کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
عمراکمل کا کرپشن کی پیشکش کا اعتراف،3سال کی پابندی کا امکان
Apr 10, 2020