عمراکمل کی معطلی 6ماہ پابندی لگا کرختم ہونے کاامکا ن

لاہور(اسپورٹس رپورٹر ) ٹیسٹ کرکٹرعمراکمل پرمشکوک افراد سے روابط کے الزام میں چھ ماہ پابندی عائدکرکے ختم کیے جانے کا امکان ہے۔انہیں روابط کی اطلاع پی سی بی کونہ دینے پرپی ایس ایل سے قبل معطل کیاگیاتھا۔ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیوکے آغاز سے قبل تجربہ کار بیٹسمین عمراکمل کومشکوک افراد سے رابطے اور اس کی اطلاع بورڈ کو نہ دینے پر معطل کر دیا گیا تھا۔ عمراکمل نے ابتدا میں ایسی ملاقاتوں سے انکارکرتے ہوئے کہاکہ وہ پارٹیز میں شرکت کے شوقین ہیں۔ جہاں مختلف لوگوں سے ملاقات ہوتی ہیں۔کون کیاکرتا ہے اس کاپتہ نہیں۔ بعد میں غلطی تسلیم کرتے ہوئے انہوں نے ذاتی وجوہ کی بنا اینٹی کرپشن حکام کو اس بارے میں آگاہ کردیا۔ تاہم چارج شیٹ فائل کرنے کے باوجود اے سی یو نے عمر اکمل یا ان کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو الزامات کے بارے میں کوئی ثبوت نہیں دکھایا۔ صرف ایک تحقیقاتی ادارے کا خط بطور ثبوت پیش کیا ہے۔عمر اکمل پراینٹی کرپشن کوڈ کی شق کی دو مرتبہ خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔ جس کے بارے میں بیٹسمین کا کہنا ہے کہ انہیں سازش کے تحت پھنسایا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے چارج شیٹ کو چیلنج نہیں کیا۔ جس کی وجہ سے ان پرچھ ماہ کی پابندی عائد کرکے معاملہ ختم کیا جا سکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن