کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی انتظامیہ نے کامیابی کے ساتھ سرویلینس سسٹم پائلٹ ورژن متعار ف کرادیا ہے۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے مطابق سیکورٹی اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان کی شراکت سے مارچ کے آخری ہفتے میں اس سسٹم کو کامیابی کے ساتھ چلایا گیا۔اس عمل کے دوران سرویلینس سسٹم کے پائلٹ ورژن کو پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے موجودہ ٹریڈنگ نظام کے ساتھ مربوط کردیا گیا جس کے نتیجے میںپاکستان اسٹاک ایکس چینج کی سرویلینس صلاحیتوں میںمزید اضافہ ہوگا۔واضح رہے کہ نومبر 2019میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور چین کی شینزن اسٹاک ایکسچینج(SZSE) کے درمیان ٹریڈنگ اور سرویلینس سسٹم کے لئے معاہدہ ہوا تھاجس کے بعد پی ایس ایکس تکنیکی اور آپریشنل سسٹم کو مزید متحرک کرکے دنیاکے دیگر اسٹاک مارکیٹس کے مد مقابل ہوگا۔ اس نئے سرویلینس سسٹم پائلٹ پروجیکٹ کو اسٹاک مارکیٹ کے سرویلینس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے رسائی فراہم کرنے کے بعد تیار کیا گیا جس میں ٹریڈنگ کو ریئل ٹائم کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے گا۔ اس موقع پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر فرخ خان کا کہنا تھا کہ یہ پائلٹ سرویلنس سسٹم شینزن اسٹاک ایکسچینج (SZSE)سے حاصل کیا گیا ہے جسے اسٹاک مارکیٹ کے نئے ٹریڈنگ سسٹم میں آئندہ فیز میںجنوری 2021تک مکمل طور پر ضم کردیا جائے گا۔ یہ سسٹم پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے اعلیٰ معیار کے ٹریڈنگ اور سرویلنس سسٹم کے خواب کو پورا کریگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سسٹم سے تمام اسٹیک ہولڈرز اور سرمایہ کار استفادہ حاصل کرسکیں گے ۔
اسٹاک ایکسچینج کی سرویلینس صلاحیتوں میں اضافے کیلئے نیا سسٹم متعارف
Apr 10, 2020