لاک ڈائون پر مکمل عملدرآمد کیا جائے‘ محسن شاہ

نواب شاہ (بیورو رپورٹ/ اے پی پی) ڈویژنل کمشنرشہیدبینظیرآباد سید محسن علی شاہ نے کمانڈر انڈس رینجرز برگیڈئیر محمد رمضان اور ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد ابراراحمد جعفر کے ہمراہ کرونا وائرس کی وباء کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے بے روزگار ہونے والے اورمستحقین افراد میں احساس پروگرام کے تحت امدادی رقم تقسیم کرنے کے لئے تعلقہ سکرنڈ یوسی جمال کیریو کے گوٹھ کھبڑ لکمیر کے گورنمنٹ بوائز ہائیرسکینڈری اسکول میں قائم کیمپ سائٹ کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر کمشنر سید محسن علی شاہ نے سنٹر کے انچارج اور بینک کی جانب سے مقرر کردہ عملے کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے جبکہ امدادی رقم وصول کرنے والے افراد میں سماجی دوری رکھنے کے علاوہ ہاتھ دھونے، پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنر نے انہیں یہ بھی ہدایات دیں کہ رش سے بچنے اور مستحق افراد میں جلد امدادی رقم تقسیم کرنے کے لئے سینٹر پر عملے کی موجودگی اور کیش کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر کمشنر نے رقم حاصل کرنے والے مستحق افراد سے کیمپ سائٹ کے عملے کے رویے اور دیگر مسائل کے متعلق معلومات حاصل کرتے ہوئے کہا کہ امدادی رقم سے کسی بھی قسم کی کٹوتی کی جائے تو اس حوالے سے انتظامیہ سے فوری رابطہ کریں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نوابشاہ طارق علی سولنگی، مختیار کار سکرنڈ وسیم لاشاری اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن