شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس مسجد حرام اور مسجد نبوی کے ڈائیریکٹر جنرل کا عالم اسلام کے لئے پیغام

Apr 10, 2020

امیر محمد خان

سعودی عرب میں ڈائیریکٹر جنرل برائے امور مسجدِ حرام و مسجد نبوی، عزت مآب فضیلة الشیخ جناب ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس ایک بہت ہی معتبر شخصیت کے حامل ہیں .گزشتہ رات انہوں نے مدینہ المنورہ سے اپنا ایک پیغام جاری کیا جس میں کرونا وائرس کی حالیہ وباءکے سلسلے میں عالم اسلام کو ایک پیغام دیا ,انکا یہ پیغام تمام دنیا اور عالم اسلام میں قران اور اسکی سنت ماننے والوں کیلئے ایک مشعل راہ ہے جس میں انہوں نے نہ صرف سعودی باشندوں بلکہ یہاں برسرروزگار غیر سعودیوں اورا نکے اہل خانہ کو بھی مخاطب کیا ہے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی آپ کو اپنی حفظ و حمایت میں رکھے، اس وقت پوری دنیا جس بہت بڑی تباہ کن ابتلا اور خطرناک وبا کا شکار ہے، آپ اس سے اچھی طرح آگاہ ہیں۔اور اس میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ وہ اللہ بلند و برتر کی طرف سے امتحان و آزمائش ہے۔اللہ سبحانہ وتعالی نے فرمایا: (مال وجان اور پھلوں میں کمی و نقصان یا دشمن کے خوف وخطرے سے، میں تم کو لازمی اور ضروری طور پر آزماﺅں گا، اور (اس آزمائش پر) صبر کرنے والوں کو خوشخبری دیجئے) (بقرہ: 155).
اسی طرح ہمارا بابرکت ملک سعودی عرب بھی اس کی لپیٹ اور انتشار کا شکار ہے۔اور یقیناً ہم سب کا اللہ کی قضا و قدر اور رضا پر راضی رہنا انتہائی ضروری ہے: جیسا کہ فرمایا:( یقیناً ہم نے ہر چیز کو مقررہ اندازے کے مطابق پیدا کیا ہے) (قمر: 49)اور فرمایا: (کوئی بھی مصیبت اللہ کی اجازت کے بغیر نہیں پہنچ سکتی).(تغابن: 11)۔اور فرمایا:( زمین یا تمہاری جانوں میں کوئی بھی مصیبت نہیں آتی، مگر ہمارے پیدا کرنے سے پہلے ہی وہ کتاب میں لکھی ہوئی موجود ہے)۔ (حدید: 22)۔
سو حاکمیت صرف اللہ بزرگ و برتر کی ہے۔ جیسا کہ فرمایا: ( یاد رکھو اللہ کے لیے خاص ہے خالق ہونا اور حاکم ہونا، بڑی خوبیوں سے لبریز ہے اللہ، جو رب العالمین ہے)۔(اعراف: 54)۔اسی طرح بندوں کے لیے ضروری ہے کہ اللہ پر مضبوط ایمان رکھیں اور اللہ کے بارے میں انتہائی عظیم الشان حسنِ ظن ہو اور اپنے رب تبارک و تعالی پر پختہ یقین اور بھروسہ ہو اور اسی کی پناہ میں آ جائیں کیونکہ اس کے علاوہ کوئی پناہ گاہ نہیں ہے۔پھر تمام مسلمانوں کے لیے واجب اور ضروری ہے کہ وہ ان حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر کو اختیار اور فالو کریں۔
اور اس بابرکت ملک سعودی عرب نے بے شمار حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر شروع کی ہیں جن کا مقصد صرف اور صرف نفس، بدن اور جان و ارواح کی حفاظت ہے۔کیونکہ جانوں کی حفاظت کی ذمہ داری ایک بہت عظیم ذمہ داری ہے اور حکمرانوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس ذمہ داری کو اپنے شہریوں اور اپنی سرزمین پر آباد لوگوں کے لیے نبھائیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہماری روشن شریعت پر عمل کرتے ہوئے اور ہمارے مذہبِ اسلام کے اصول و قواعد پرچلتے ہوئے احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کی انتہائی عمدہ مثالیں قائم کی ہیں۔جیسا کہ ان اصول و قواعد میں سے ہے کہ '' خرابی اور نقصان کی روک تھام اور ازالہ،مفاد کے حصول پر مقدم ہے''
اسی طرح ان قواعد میں سے یہ ہے کہ'' مشقت آسانی کا باعث ہوتی ہے'' اور ''نقصان و پریشانی کو ختم کرنااسے بڑھانے سے بہتر ہے'' اور اسی طرح ایک معروف قاعدہ یہ ہے کہ''احتیاط اور پرہیز علاج سے بہتر ہے ''۔ اور اس بابرکت ملک کا حرمین شریفین اور مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی طرف آنے والوں اور یہاں کے رہائشیوں کی ارواح کی حفاظت کی خاطر ان مبارک احتیاطی اقدامات کے اہتمام میں بہت بڑا حصہ ہے۔اور ہمارے حکمرانوں(اللہ ان کی حفاظت فرمائے) کا ساتھ دینا اور نیکی و بھلائی کے کاموں میں ان کی اطاعت و فرمانبرداری کرنا، ہم سب پر واجب اور ضروری ہے، کیونکہ حاکم کا رعایا کے بارے میں حکم کسی مصلحت پر ہی مبنی ہوتا ہے۔
اللہ عزوجل نے فرمایا: (اے ایمان والو! اللہ، رسول اور جو تم میں سے حکمران ہوں، ان سب کے اطاعت کرو). (نسا: 59)
حکمرانوں (اللہ ان کی حفاظت فرمائے) نے اپنی روشن قیادت کا ثبوت دیتے ہوئے، لوگوں کے نفسوں اور جانوں کی حفاظت کے لالچ اور حرص کے طور پر بہت سے کامیاب، درست اور مبارک اقدامات کئے ہیں۔ اللہ تعالی ان کو جزائے خیر دے اور ان کے اجروثواب کودوبالا فرمائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اے میرے اسلامی بھائیو! ہم سب ذمہ دار  ہیں۔ اور تم میں سے ہر ایک راعی ہے اور اپنی رعایا کا ذمہ دار ہے۔ اسی طرح ان احتیاطی تدابیر اور اپنے گھروں میں برقرار رہنے کے فیصلے پر عملدرآمد کرنا اور کروانا بھی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ کیونکہ یہی شریعت کا تقاضا ہے۔ اور یہ قرنطینہ اور لاک ڈاﺅن بھی کتاب اللہ اور سنت رسول اللہ کے دلائل سے ہی ماخوذ ہے۔
اللہ عزوجل نے فرمایا: (تم اپنے آپ کو بذاتِ خود ہلاک نہ کرو) (بقرہ: 159) اور فرمایا: (تم اپنے نفسوں کو قتل نہ کرو ، بیشک اللہ تمہارے ساتھ انتہائی مہربان ہے)(نسا: 159)۔اور بلاشبہ یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے اور ہم سب پر ضروری ہے کہ ان حفاظتی و احتیاطی تدابیر واقدامات پر پابندی کرنے میں، اپنے حکمرانوں(اللہ ان کی حفاظت فرمائے) کا ساتھ دیں، کیونکہ اسی میں ہم سب کا مفاد ہے۔
اور اسی میں ہمارے نفسوں، جانوں اور بدنوں کی حفاظت ہے۔ اور شریعت کے مقاصد میں سب سے عظیم مقصد بھی جانوں کی حفاظت ہی ہے، جو کہ اللہ کے فضل و احسان سے ان احتیاطی تدابیر کے ذریعے حاصل ہوچکا ہے۔اللہ تعالی ہمارے سکیورٹی پر مامور کامیاب اور مبارک نوجوانوں کو جزائے خیر دے جو ہمارے وطن، شہریوں اور اس کی سرزمین پر رہنے والے مقیمین کے امن و سلامتی کی حفاظت کی خاطر، ہمارے ملک کی تمام سرحدوں اور چیک پوائنٹس پر پھیلے ہوئے ہیں۔ اسی طرح ہمارے محکمہ صحت کے ہیرو اور جوان (اللہ انہیں توفیق دے) کی کاوشیں بھی انتہائی قابلِ قدر ہیں۔ہمیں ان کا بھی تعاون کرنا چاہئے اور ان کی عظیم کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہیے اور بلاشبہ ہیلتھ پر مامور ہمارے جوان بھائیوں کی ان توجیہات و احتیاطی تدابیر پر مبنی پندونصائح جو ہم سب کے مشترکہ مفاد میں ہیں، پر ان کا ساتھ دینا اور یکجہتی کا اظہار کرنا، نیکی اور تقوی پر تعاون میں سے ہے۔
اور ہمارے حکمرانوں (اللہ ان کی حفاظت فرمائے) کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہونا، ہم سب پر ضروری ہے۔ اسی طرح ہم سب کے لیے ضروری ہے کہ افواہوں اور من گھڑت خبروں پر ہرگز توجہ نہ دیں، بلکہ خوشخبریوں اور اچھی امیدوں کو پھیلانے کی بھرپور کوشش کریں۔ (تم اپنے آپ کو بذاتِ خود ہلاک نہ کرو)۔(بقرہ: 159).
ارشادِ باری تعالیٰ ہے:(کہہ دیجئے اے میرے وہ بندو جنہوں نے اپنے نفسوں پر(گناہوں کے ذریعے) ظلم کیا ہے، اللہ کی رحمت سے ناامید نہ ہو، بلاشبہ اللہ تعالی تمام گناہوں کو بخش دے گا، بیشک وہی بخشنے والا مہربان ہے). (زمر: 53)۔حرمین شریفین، تمام مسلمانوں، یہاں کے شہریوں اور مقیمین بلکہ تمام عالم کے خصوصی اہتمام و انتظام کے لیے خادم حرمین شریفین اور ان کے ولی عہد امین کی بابرکت جہود پر، اللہ سے دعاگو ہیں کہ وہ انہیں جزائے خیر عطا فرمائے۔اور اس پر جو وہ مفادِ عامہ کے حصول کی خاطر احتیاطی تدابیر پر ہمیشہ توجہ دلاتے ہیں۔

مزیدخبریں