کرونا کی تیسری لہر خطرناک،عوام ایس او پیز عملدرآمد یقینی بنائے، ابرارالحق 

Apr 10, 2021

اسلام آباد(نا مہ نگار)ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین ابرارالحق نے کہا کہ کورونا وبا کی تیسری لہر انتہائی خطرناک ہے، یہ پہلی دو لہروں سے قدرے زیادہ معتدی اور مہلک ہے جس کی وجہ سے بڑھتے ہوئے کورونا کیسوں نے شعبہ صحت پر دبا بڑھا دیا ہے۔بدقسمتی سے عوامی مقامات پر جانے والے لوگ احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کررہے اور اِس طرح یہ وبا مزید پھیل رہی ہے اور اِس کے اثرات خطرناک ہوتے جارہے ہیں۔ ایک بیان میںہلالِ احمر کے چیئرمین ابرار الحق نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صحت اور تحفظ کی جاری کردہ ہدایات پر مکمل کار بند رہیں۔ حقیقت یہی ہے کہ مذکورہ خطرناک صورتحال کو عوامی تعاون کے بغیر کنٹرول کرنا مشکل ہے۔ کورونا وبا سے نمٹنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ہر ایک فرد کو اپنا کردار بخوبی نبھانا ہوگا۔ انہوں نے مذہبی سکالرز، علما کرام، خطبا سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے عوام الناس سے کہیں، جمعہ کے خطبات میں حکومتی ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر عمل کیلئے لوگوں کو کار بند کریں۔ ابرار الحق نے کہا کہ ہلال ِاحمر کورونا کیئر ہسپتال نے بغیر کسی معاوضے لوگوں کی خدمت کی ہے یہاں سے سینکڑوں مریض شفا یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلالِ احمر کے رضاکار اپنے تہی کوشش میں ہیں کہ خون کی ضرورت پوری کی جائے، اِس حوالے سے وہ اپنا خون بھی عطیہ کررہے ہیں۔ ابرار الحق نے اپیل کی ہے کہ لوگ انسانیت، قومی، اخلاقی اور مذہی ذمہ داری کی بجا آوری کیلئے آگے بڑھیں اور مشکل کی اِس گھڑی میں خون کے عطیات دے کر قیمتی انسانی جانیں بچائیں۔

مزیدخبریں