اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمگیر وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی حکومت کی دانش مندانہ اور ہدف پر مبنی پالیسیوں کے نتیجہ میں پاکستان کے سرکاری قرضوں میں سب سے کم اضافہ ہوا ہے۔ ٹوئٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ کوویڈ 19 سے نمٹنے کیلئے پاکستان نے دانش مندانہ مالیاتی پالیسیاں اپنائی، پاکستان نے تاریخی احساس پروگرام کے ذریعہ معاشرے کے غریب اور کمزور طبقات تک معاونت پہنچانے کیلئے وسائل کی دوبارہ تخصیص کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ان پالیسیوں کے نتیجہ میں کوویڈ 19 کے بعد دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلہ میں پاکستان کے سرکاری قرضوں میں سب سے کم اضافہ ہوا ہے۔دریں اثنا زرعی ترقیاتی بینک کے بورڈ کے چیئر مین محمد شہباز جمیل نے وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر سے ملاقات کی ،انہوں نے زرعی ترقیاتی بینک کے کام کے بارے میں بتایا،انہوں نے نئے بورڈ کی تشکیل کے بارے میں بتایا اور کہا کہ بینک کی کام کی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے گا ،وفاقی وزیر نے ان کو مکمل حمائت کا یقین دلایا۔وزیر خزانہ سے سٹون کرشنگ ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی ،پنجاب کے وزیر محنت انصر مجید خان بھی ملاقات مین موجود تھے ،وفد نے سٹون کرشنگ کی صنعت کے ٹیکسیشن اور جی ایس ٹی کے ایشوز کے بارے میں بتایا،وزیر خزانہ نے ایف بی آر کو ہدائت کی کہ ایسوسی ایشن کے ساتھ مشاورتی اجلاس کیا جائے اور ٹیکسشن کے ایشوز کو حل کیا جائے ۔
پاکستان نے کوویڈ 19 سے نمٹنے کیلئے دانش مندانہ پالیسیاں اپنائیں، حماد اظہر
Apr 10, 2021