ڈسکہ/ سیالکوٹ / لاہور (نامہ نگار/ نمائندہ خصوصی+ مانیٹرنگ ڈیسک) این اے 75ڈسکہ میں آج ہونے والے الیکشن میں 4لاکھ 94ہزار ووٹروں کیلئے 360پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں۔ پولنگ سٹیشنز پر 360پریذائیڈنگ افسر اور 927پولنگ افسران تعینات کئے گئے ہیں۔ 47پولنگ سٹیشن حساس ترین اے کیٹگری‘ 176حساس بی کیٹگری اور137سی نارمل کیٹگری کے ہیں۔ سکیورٹی کیلئے 18سو 4پولیس افسران اور اہلکار تعینات ہونگے۔ حلقہ میں مجموعی طور پر 4ہزار 162پولیس افسران و اہلکار الیکشن ڈیوٹی سرانجام دینگے۔ پولیس کی 1سو 2ریزروز بھی ہوں گی۔ حساس پولنگ سٹیشنز اور صورتحال کیلئے 1ہزار 48رینجر افسر و اہلکار بھی سول اداروں کی مدد کیلئے موجود ہونگے۔ رینجرز کی 25کوئیک رسپارنس ٹیمیں حلقہ میں مسلسل گشت کریں گی۔ آرمی کی 10کوئیک رسپانس ٹیمیں ضرورت پڑنے پر فوری بلائی جاسکیں گی۔ حساس پولنگ سٹیشنوں پر سو سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں جس کا کنٹرول روم آر او آفس میں قائم کیاگیا ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تمام نقل و حمل کو مکمل واچ کیاجائے گا۔ اس حلقہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیدہ نوشین افتخار اور تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ہونیوالے الیکشن کی بناء پر کلوز ہالیڈے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ تحصیل ڈسکہ میں آج چھٹی ہوگی۔ ادھر مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نوشین افتخار نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے شہر کی تمام اہم سڑکوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ نوشین افتخار نے کہا کہ پلان کے مطابق مرکزی شاہراہوں پر کیمرے نصب کئے جانا تھے۔ خدشہ ہے کہ ہر پولنگ سٹیشن پر 100-100 بوگس ووٹ ڈالے جائیں گے۔ شفاف الیکشن کے لئے حلقے میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں۔ ادھر الیکشن کمپین کیلئے نکلے مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے اور کارکوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پر تحریک انصاف کے سابق یو سی چیئرمین سمیت پندرہ ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے نوشین افتخار کے الیکشن کمشن کو لکھے خط کا جواب دیدیا ہے جس میں کہا ہے کہ جن پولنگ سٹیشنز پر تحفظات ہیں مصدقہ ثبوت کے ساتھ ان کی نشاندہی کی جائے۔ادھر ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کو ووٹ دینے کے اپنے وعدے پر قائم ہیں۔