لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپنے گھر کی چھت دینے کا وعدہ پورا کررہے ہیں۔ باقی عہد بھی نبھائیں گے۔ موضع ہلوکی میں ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ غریب آدمی کیلئے اپنے گھر کی خواہش کی شدت کا کوئی اندازہ نہیں کرسکتا اور موجودہ دور میں یہ محض خواب ہے مگر اس خواب کو اب عمران خان تعبیر کی صورت دے رہے ہیں۔ ماضی کے حکمران مزدور کے گھر نہیں، محض باتیں بناتے تھے۔ غریب کیلئے اپارٹمنٹ نہیں، اپنے لئے بڑے بڑے قلعے اور محلات بناتے تھے۔ ماضی کے حکمران کسی کو چھت نہیں دے سکے لیکن لفظوں کے ہیر پھیر سے عوام کو دھوکہ دینے کے ماہر تھے۔ عمران خان نے غریب، مزدور، چھوٹے ملازم اور عام دکاندارکیلئے اپنے گھر کا ویژن دیا۔ ایل ڈی اے کیلئے اس پراجیکٹ کو پہلی ترجیح قرار دیا اور اپنی نگرانی میں منصوبے پر دن رات کام کرایا۔ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے وزیر اعظم کے اس ویژن پر سب سے پہلے عملدرآمد کا اعزاز پنجاب کو حاصل ہو رہا ہے۔ اپنی چھت کی خواہش رکھنے والے محض ڈیڑھ سال کی قلیل مدت میں اپنے گھر کے مالک ہوں گے۔ اس پراجیکٹ کو اگر عوام دوست پراجیکٹ قرار دیا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔ گھر کیلئے محض10فیصد ڈاؤن پیمنٹ ادا کرنا ہوگی، 5سال سے 20 سال تک کی مدت میں قسطیں ا دا کی جائیں گی۔ کرائے جتنی رقم ماہانہ قسط کے طورپر ادا کر کے کوئی بھی شخص گھر کا مالک بن سکے گا۔ ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ سکیم کا معیار کسی بھی اعلیٰ نجی سکیم سے کم نہیں ہو گا۔ بلکہ پنجاب بھر میں کم آمدن والے لوگوں کو گھر فراہم کرنے کیلئے دیگر ہاؤسنگ پراجیکٹ پر بھی کام جاری ہے۔ حکومت پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کو ایک ارب روپے فراہم کرچکی ہے جس سے مائیکرو فنانسنگ کرنے والی این جی اوز کے ذریعے گھر بنانے کیلئے 10لاکھ روپے تک قرض دیا جائے گا۔ وہ لوگ جو انتہائی محدود آمدن میں کبھی اپنے گھر، اپنی چھت کا سوچ کر آہ بھر کر رہ جاتے تھے، انشاء اللہ جلد اپنے گھر کے مالک ہوں گے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے برطانوی شہزادے پرنس فلپ‘ کلاسیکی گائیک استاد مبارک علی خان‘ رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل رانا کے والد کے انتقال پر اظہار افسوس اور تعزیت کیا ہے۔
ماضی کے حکمران مزدور کیلئے باتیں اپنے محلات بناتے تھے عثمان بزدار
Apr 10, 2021