کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو فوج کے خلاف زبان استعمال کرنے کی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نیب‘ ایف آئی اے اور دیگر ادارے بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ پھر بھی ایف آئی اے میں مزید بہتری کیلئے کوشاں ہیں۔ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی بہتر ہے۔ چین اور دیگر ممالک سے اچھے تعلقات ہیں۔ عمران خان کیلئے خیر دیکھ رہا ہوں۔ ان کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ عمران خان 5 سال پورے کریں گے اور آئندہ الیکشن میں بھی ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم ختم ہو چکی ہے۔ مولانا فضل الرحمن سے کہا تھا کہ بچوں کے ہاتھو میں نہ کھیلیں۔ آپ خراب ہونگے۔ مولانا فضل الرحمن کی سیاست کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ آصف زرداری تاش چھاتی کے ساتھ لگا کر کھیل رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کی قیادت سمجھدار ہے۔ لیکن (ن) لیگ کو فوج کے خلاف زبان استعمال کرنے پر قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم منہگائی کنٹرول کر لیں گے۔ رمضان پیکج کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل شیخ رشید نے پاکستان رینجرز سندھ کی 28 ویں پاسنگ آؤٹ میں شرکت کی اور پریڈ کا معائنہ کیا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مسلح افواج ملک کی سلامتی کی ضامن ہیں۔ مسلح افواج میں شمولیت کسی بھی جوان اور اس کے خاندان کے لئے باعث فخر ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف خواہش ظاہر کریں تو 24 گھنٹوں میں ان کی سفری دستاویزات جاری کر دیں گے۔
مسلم لیگ ن کو فوج کیخلاف زبان استعمال کرنیکی قیمت ادا کرنا پڑے گی پی ڈی ایم ختم شیخ رشید
Apr 10, 2021