فیروزوالہ+شیخوپورہ(نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت)مسلم لیگ ن کے مرکزی سینئر نائب صدر و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومتی پارٹی میں دراڑیں مکافات عمل ہے حکومت کو اپوزیشن سے زیادہ اپنی پارٹی سے خطرات پیدا ہوگئے ہیں جہانگیر ترین کا بیان حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے، غیر ملکی قرضوں کو اتارنے کے دعوے دار اب عوام کے سامنے اپنی بے بسی کا اظہار کررہے ہیں، آمدن بڑھانے کیلئے جس طرح حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے اس کا سارا بوجھ عام آدمی پر پڑ رہا ہے، اپوزیشن کی جدوجہد حکومت گرانے کی نہیں بلکہ ملک بچانے کی ہے، اقتدار کے ایوانوں پر نااہل و نالائق لوگ براجمان ہیں جس کی وجہ سے ملک اور قوم کا نقصان ہورہا ہے، ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والوں نے پاکستان کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے، احتساب ذاتی پسند نا پسند کی بنیاد پر ہونے سے اس نعرے کا پول کھل کر عوام کے سامنے آچکا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی کیمپ آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی اور بلدیاتی اداروں کے نمائندے موجود تھے۔ ایم این اے رانا تنویر حسین نے ان خبروں کی تردید کی کہ جہانگیر ترین نواز لیگ سے رابطو ں میں ہے نواز لیگ نے سازشی سیاست کبھی نہیں کیا نہ ہی اس کا ارادہ رکھتی ہے ہمارا اختلاف وزیر اعظم کی ذات سے نہیں بلکہ پالیسیوں سے ہے جو ملک و قوم کے مفاد میں نہ ہیں، انہوں نے کہا کہ اسوقت ملک جن حالات سے دوچار ہے اسکی ذمہ دار اپوزیشن نہیں بلکہ خود حکومت ہے ۔
حکومتی جماعت میں دراڑیں مکافات عمل کا نتیجہ ہے:رانا تنویر حسین
Apr 10, 2021