ایک کالم صدر فلم فیڈریشن کے لئے 

Apr 10, 2021

پروفیسر فہمیدہ کوثر

زندگی سچائیوں اور حقیقتوں کے درمیان پنپتی ایک ایسی کہانی ہے کہ ہر کوئی اس کو اپنے فن اور ہنر کے ساتھ اس کی وضاحت کرتا ہے ایک مصور برش کی مدد سے گلکاریاں کرتا ہے تو شاعر لفظوں کے سہارے سے اس کی سچائیاں وضع کرتا ہے اسپینسر کے نزدیک زندگی مہارت سے استعمال کیا گیا وہ تحفہ ہے کہ کامیابیاں مقدر بن جاتی ہیں اور ذرا سی بے احتیاطی ناکامی کا شاخسانہ بن جاتی ہے جبکہ ایک مفکر نے زندگی کو سٹیج قرار دیا جہاں ہر شخص اپنا کردار ادا کرکے چلا جاتا ہے فنکار چاہے مصور ہو شاعر ہو یا فلم سٹار بہت حساس ہوتا ہے صدر فلم فیڈریشن فلم سٹار شاہد اس ضمن میں کہتے ہیں ایک فنکار چونکہ زندگی کی حقیقتوں کو قریب سے دیکھتا ہے ان کو محسوس کرتا ہے اور اسی کرب کو اپنے فن میں سموتا ہے جو عام آدمی کا دکھ ہے لہٰذا عام آدمی کا دکھ بھی اس کا دکھ بن جاتا ہے۔ گزشتہ دنوں انہوں نے بحیثیت صدر فلم فیڈریشن تمام فنکاروں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کی کرونا کے مرض سے صحت یابی کی دعا کی اور خاتون اول کے لئے بھی دعا فرمائی وہ کہتے ہیں کہ عمران خان ایک قیمتی سرمایہ ہیں انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام کو ان تمام ایس او پیز پر عمل کرنا چاہئے جن سے اس موذی مرض سے نمٹا جائے۔ انہوں نے عمران خان سے اپیل بھی کی کہ وہ لوگ جو فلم انڈسٹری میں کرونا کی وجہ سے بیروزگار ہوئے یا ایسے فنکار جنہوں نے فلم انڈسٹری میں یادگار نقوش چھوڑے اور بعد میں نامساعد حالات کا شکار ہوئے ان کی زندگی میں یا بعد میں ان کے اہل وعیال کی کفالت کیلئے ان کی مدد کی جائے وہ کہتے ہیں کہ بحران انفرادی اجتماعی اور سیاسی زندگی کا حصہ ہیں باہمی اتفاق اور مسلسل جدوجہد سے ان آزمائشوں سے نکلا جا سکتا ہے بقول شاعر
تھکیں جو پاؤں تو چل سر کے بل نہ ٹھہر آتش 
گل مراد ہے منزل میں خار راہ میں ہے
 فلمسٹار شاہد نے اپنے دور میں لازوال فلمیں فلم انڈسٹری کو دے کر نہ صرف اپنی قابلیت سے بڑے اداکاروں کے درمیان خود کو منوایا بلکہ آنے والے اداکاروں کے لئے راہیں بھی متعین کیں ان کی فلموں میں آنسو تہذیب امراؤ جان ادا ثریا بھوپالی قابل ذکر ہیں وہ ایک دردمند اور حساس دل رکھتے ہیں ہم سب امید رکھتے ہیں کہ ان کی سربراہی میں ایک بار پھر اچھی اور معیاری فلمیں پردہ سکرین کی زینت بن سکیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تبدیلی درحقیقت محنت اور لگن کا دوسرا نام ہے اس سے زندگی کے ہر میدان میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے چاہے وہ معاشی پہلو ہوں، سیاسی یا فلم انڈسٹری وہ پاکستان کے لئے بھی پرامید ہیں کہ وہ منزل ضرور حاصل کرے گا جس کا خواب قائد نے دیکھا تھا۔
٭…٭…٭

مزیدخبریں