انڈونیشیا کے جاوا جزیرے اور دیگر شہروں میں ہفتے کے روز زلزلے سے ایک شخص ہلاک، متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا

 انڈونیشیا کے جاوا جزیرے اور دیگر شہروں میں ہفتے کے روز زلزلے سے ایک شخص ہلاک اور متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔انڈونیشیا کی جیو فزکس ایجنسی بی ایم کے جی نے بتایا ہے کہ  ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز مشرقی جاوا کے جنوبی ساحل سے 91 کلومیٹر بحر ہند میں تھا۔انڈونیشیا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق زلزلے کے جھٹکے مشرقی جاوا اور قریبی صوبوں کے شہروں بشمول جزیرہ بالی اور قصبوں میں بھی محسوس کیے گئے۔زلزلے سے لومجنگ میں گرتے ہوئے پتھر کی زد میں آکر ایک شخص  جاں بحق ہوگیا۔انڈونیشیا کے جیو فزکس ایجنسی بی ایم کے جی نے بتایا کہ زلزلے کے بعد متعدد بار جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں تاہم سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے پارلیمانی عمارتیں، ایک اسکول ، ایک اسپتال اور متعدد شہروں میں مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ زلزلے سے بتو شہر کے ایک تفریحی پارک میں ایک گوریلے کے ایک بڑے مجسمے کا سر اکھڑ گیا۔انڈونیشیا کی ڈیزاسٹر ایجنسی نے بتایا ہے کہ حکام ابھی نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن