گرمی سے چڑیا گھرکے جانور پرند ے بیمار ہونے کا خدشہ انتظامیہ متحرک

لاہور (رفیعہ ناہید اکرام) لاہور میں گرمی کی شدت بڑھنے سے لاہور چڑیا گھر کے جانوروں اور پرندوں کے بیمار ہونے کاخدشہ بڑھ گیا۔ چڑیا گھر انتظامیہ نے بھی جانوروں، پرندوں کی حفاظت کیلئے اقدامات کرتے ہوئے خوراک میں تبدیلی کردی ہے جبکہ پنجروں میں ہروقت پانی کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جانے لگا ہے۔ گرم موسم کی مناسبت سے پنکھوں اور ایئر کولروں کی تعداد میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جانے لگا ہے، بڑے جانوروں کے کمروںمیں برف کے بلاکوںکا انتظام بھی جلد کردیا جائے گا۔ نوائے وقت سے گفتگو میں لاہور چڑیا گھرکی ڈپٹی ڈائریکٹر کرن سلیم نے بتایاکہ جانوروں، پرندوں کو گرمی سے محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں شیر، ٹائیگر، زرافہ ، زیبرا، لاما، شترمرغ، طوطے، آسٹریلوی شتر مرغ اور دیگر کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کیونکہ یہ جانور سرد علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ جانوروں کو ڈی ہائیڈریشن سے بچانے کیلئے پینے کے پانی میں اوآر ایس شامل کردیا گیا ہے جبکہ قوت مدافعت میں اضافے کیلئے ملٹی وٹامنز اور ان کی پسند کے فروٹ دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر انتظامیہ مسلسل اقدامات میں مصروف ہے اور گرین شیٹس بھی لگوائی جارہی ہیں جبکہ پرندوں کی نازک طبیعت کے باعث انکا بھی خصوصی خیال رکھاجارہاہے۔ 
چڑیا گھر

ای پیپر دی نیشن