اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے مبینہ امریکی خط کی تحقیقات اور وزیراعظم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست سماعت کے لئے مقرر کردی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ 11 اپریل کو سماعت کریں گے، درخواست شہری مولوی اقبال حیدر کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ درخواست میں فواد چودھری، شاہ محمود قریشی، قاسم سوری اور اسد مجید کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں سیکرٹری داخلہ کو وزیراعظم اور وزراء کے خلاف مبینہ خط سے متعلق انکوائری کا حکم دینے کی استدعا کی گئی۔ درخواست پر فیصلہ ہونے تک وزیراعظم، وزراء اور اسد مجید کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی بھی استدعاکی گئی۔ سپریم کورٹ کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کے خلاف فیصلے اور قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ نہ کروانے کے خلاف اہم درخواست کی سماعت کیلئے رات گئے اسلام آباد ہائیکورٹ کو کھول دیا گیا ہے، رجسٹرار سمیت دیگر عملے کو گھروں سے طلب کیا گیا ہے قوی امکان ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے ساتھ دوسری درخواست جس میں ملک میں مارشل لا لگانے کے خلاف حکم امتناع کی استدعا کی گئی ہے اس کی سماعت کی جائے۔ عدالت عالیہ کی سیکیورٹی رات گئے بڑھا دی گئی ہے پولیس رینجرز کے تازہ دم دستے اسلام آباد ہائیکورٹ میں لگا دیئے گئے ہیں۔