اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا ردعمل سامنے آ گیا۔ مریم نواز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیر کی مختصر ویڈیو جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ رب العالمین تاریخ کا سیاہ ترین دور اپنے اختتام کو پہنچا۔ ہم رب العالمین کے حضور سجدہ ریز ہیں اور اس سے رہنمائی اور کامیابی کی دعا کرتے ہیں کیونکہ ہم اس شخص کی طرف سے ملک کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کیلئے نکل رہے ہیں۔ دوسرے ٹویٹ میں ظلم کا نظام قائم نہ کبھی رہا ہے نہ کبھی رہ پائے گا۔ نواز شریف نے اپنا فیصلہ اس پر چھوڑا تھا جس نے کبھی ناانصافی نہیں کی۔ نواز شریف صاحب آج آپ کا صبر ہر قسم کے جبر سے جیت گیا۔ خدا آپ کا سایہ قوم پر سلامت رکھے، آپ کے ہر ساتھی، ہر کارکن کو سلام جو ڈٹے رہے، حق سے پیچھے نہ ہٹے۔ اس کے بعد ایک اور ٹویٹ میں نواز شریف کی تصویر لگا کر کہا کہ میں نے آپ کو آمریت کے زندانوں میں فاتح کے روپ میں دیکھا۔ آپ کے ساتھ جیل گزار کر آپ کو فاتح کے روپ میں دیکھا، میں نے آپ کو کبھی ٹوٹتے نہیں دیکھا، ہمیشہ آپ کے دشمنوں کو رسوا ہوتے دیکھا۔ مبارک ہو میرے قائد اللہ کے فضل سے آج دنیا نے آپ کو ایک بار پھر فاتح دیکھا۔