پہلے بھی ہار مانی نہ اب مانوں گا ، عمران وزیراعظم ہاؤس سے بنی گالہ منتقل 

Apr 10, 2022

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)عمران خان نے تحریک عدم پر پارلیمنٹ میں ووٹنگ سے پہلے ہی وزیراعظم ہائوس خالی کردیا، انہوںنے سٹاف سے الوداعی ملاقات کی اور رات کو ہی وزیر اعظم ہائوس سے بنی گالہ ہائوس چلے گئے، انہوں نے بنی گالہ جانے کے لیے  ’’ہیلی کاپٹر ‘‘  کا استعمال کیا۔ اس قبل شاہ محمود قریشی، قاسم سوری عمران خان سے مل کر گئے، اس دوران فواد حسین چوہدری، شبلی فراز، شیریں مزاری نے عمران خان سے وزیر اعظم ہائوس ملاقات کرنے کی کوشش کی مگر وزیر اعظم عمل ہائوس کے عملے نے انہیں اندر داخل ہونے کی اجازت نہ دیتے ہوئے واپس بھیج دیا تھا، سابق وزیر اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان بھی اپنے ذاتی سٹاف کے ہمراہ پی ایم ہائوس چھوڑ کرچلے گئے اسی اثنا ء سٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اعظم خان کی وزیر اعظم ہائوس سے سٹیبلمشنٹ ڈویژن تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا، نوٹیفیکیشن میں انہیں فوری طور پر سٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعظم کے دفتر نے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھا ہے، جس میں سابق وزیراعظم  عمران خان  کو سابق وزیراعظم کے طور پر سکیورٹی  دینے کے لئے کہا  ہے، ذرائع نے بتایا کہ خط میں سیکرٹری داخلہ کو کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو کونسی سکیورٹی ملتی ہے، آگاہ کیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری داخلہ نے خط ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کو ضروری کارروائی کیلئے مارک کردیا۔

مزیدخبریں