کراچی (نیوز رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم چاہتی تو 4 سال کے دوران عمران خان سے اور اب اپوزیشن سے 3 آئینی ترامیم کرا کر قوم کا بھلا کرسکتی تھی لیکن مہاجروں کو بیچنے والوں کو اپنی گندی سیاست کی بقا کے لیے مہاجروں کا خون چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہائوس میں سینکڑوں نوجوانوں کی پی ایس پی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس پی نے حکومت میں نا ہوتے ہوئے بھی قوم کے لیے وہ کچھ کیا جو ایم کیو ایم 40سال حکومت میں رہتے ہوئے نہیں کرسکی۔ 550 لاپتہ مہاجروں میں سے 525 لاپتہ مہاجروں کو ہم نے اپنے کردار کی وجہ سے بازیاب کروایا، اصل لاپتہ مہاجروں کی تعداد کا ایم کیو ایم کو پتہ ہی نہیں۔ جب ہم لاپتہ افراد کو بازیاب کروا رہے تھے تو ایم کیو ایم ہمارے بارے میں کہتی تھی کہ ہم نے مجرمان کے لیے ڈرائی کلین لگائی ہے، اب خود ان لاپتہ افراد کی بازیابی کا معاہدہ کررہے ہیں جنکے خاندانوں سے یہ ملنا بھی پسند نہیں کرتے تھے اور جنکی اکثریت آج اپنے گھروں میں ہے۔ بقیہ 25 لاپتہ مہاجروں کو بھی انشا اللہ ہم ہی بازیاب کروائیں گے۔
مصطفی کمال