لاہور (خصوصی نامہ نگار) ترجمان پنجاب اسمبلی فیاض الحسن چوہان نے شاعرانہ انداز میں کہا ہے کہ ایک ہی صف میں کھڑے ہو گئے حمزہ و مریم علیم وترین۔ نہ کوئی چینی چور رہا نہ کوئی اے ٹی ایم مشین۔ یہ ہے پاکستان کی جمہوریت کا حسن۔ بیرونی ڈنڈا اور بیرونی ڈالر، اتار دیتے ہیں تمام قائدین کی اخلاقیات کی جھالر۔ فیاض الحسن چوہان نے نون لیگی ترجمان عظمیٰ بخاری کے بیانات پر ردعمل میں کہا کہ سردار عثمان بزدار بطور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب صوبے کے آئینی اور قانونی سربراہ ہیں۔ نون لیگ کی جانب سے مونس الٰہی پر پیسے بانٹنے کا الزام الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مترادف ہے۔ ڈیڑھ سو سے زائد اراکین اسمبلی کو گھوڑوں کی طرح ایک سے دوسرے ہوٹل میں ہانکنے کے مناظر ساری قوم دیکھ رہی ہے۔ نون لیگ ایکسپوز ہونے کی خفت مٹانے کے لیے ایسے بے بنیاد الزامات کے پیچھے چھپ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بالخصوص نون لیگ، خاندانی روایات کے مطابق پورے تزک و احتشام سے ہارس ٹریڈنگ کی روایت زندہ رکھے ہوئے ہے۔
فیاض چوہان
ن لیگ خاندانی روایات کے مطابق ہارس ٹریڈنگ زندہ رکھے ہوئے ہے: فیاض چوہان
Apr 10, 2022