سکھر/ حیدرآباد/نوابشاہ (بیورو رپورٹ/نامہ نگاران)گرمی کی شدت میں بے تحاشہ اضافہ ہونے کیساتھ سورج کی تپش نے بھی لوگوں کو گھروں میں محصور کر دیاہے سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھرو اسکے گردنواح کے علاقوں میں گرمی کے باعث ہونے والے اضافے کے بعد شہر کے تجارتی و کاروباری مراکزمیں بھی لوگوں کا رش کم رہا اور سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم رہی شہر میں گرمی کے اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے جس نے شہریوں اور بالخصوص روزہ داروں کا بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث شہر میں سولر سسٹم ، چائنہ پنکھوں ،بیٹریوں ،بلبوں و دیگر اشیاء کی مانگ میں اضافہ دکھائی دے رہا ہے اور گرمی کے باعث ٹھنڈے مشروبات کی مانگ اور ریٹ میں بھی اضافہ ہو جانے کی وجہ سے ٹھنڈے مشروبات فروخت کرنے والوں کی بھی چاندی ہو گئی ہے ۔سکھر سے بیورو رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک میں افطاری کی تیاریوں اور گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ملک بھر کی طرح سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں بھی برف کی فروخت میں اضافہ ہو گیا ہے متوسط اور غریب طبقہ کے افراد جن کے پاس فریج یا فریزر نہیں ہیں وہ برف خرید کر گرمی میں ٹھنڈا پانی حاصل کرتے ہیں، موجودہ ملکی حالات کے باعث کاروباری زندگی متاثر ہونے کی وجہ سے کئی شہریوں نے بھی چھوٹے ٹھیلے لگا کر برف فروخت کرنا شروع کر آمدنی بڑھانا شروع کر دی ہے۔