سابق وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے :شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے اتوار کی شب عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعلان کردیا۔

اپنی ٹوئٹ میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ وہ آج 10 اپریل بروز اتوار رات 9 بجے میں لال حویلی کی بالکونی سے اپنے حلقے کے عوام کا شکریہ ادا کریں گے۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ وہ اس موقع پر سابق وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔

شیخ رشید گزشتہ کئی برسوں سے تحریک انصاف کے اتحادی ہیں۔

2013 اور 2018 کے عام انتخابات میں شیخ رشید اور تحریک انصاف نے مل کر حصہ لیا تھا۔شیخ رشید 2014 کے دھرنے میں بھی ان کے ہمراہ تھے۔

2018 کے عام انتخابات کے بعد شیخ رشید کو پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت میں ریلوے کا قلمدان سونپا گیا تھا تاہم اس کے بعد انہیں وزارت داخلہ دی گئی۔حالیہ سیاسی بحران میں شیخ رشید نے عمران خان کو ملک میں ایمرجنسی لگانے، سندھ میں گورنر راج اور وقت سے پہلے عام انتخابات کا مشورہ دیا تھا۔

 
گزشتہ روز تحریک عدم اعتماد کی کامیابی سے قبل شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں حالات بہت پیدچیدہ ہیں، سیاسی لڑائی گلی محلون تک پہنچ گئی ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس ملک کو صحیح طرح چلانا ہے تو انتخابات کی تاریخ کا مل بیٹھ کر فیصلہ کریں، اس وقت جو ادارے نیوٹرل ہیں وہ زیادہ دیر تک نیوٹرل نہیں رہ سکتے تھے۔

ای پیپر دی نیشن