پشاور: گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں شہباز شریف کو ملک کے نئے وزیر اعظم کے طور پر پروٹوکول نہیں دوں گا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ میں ن لیگ کے صدر و قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف کے وزیر اعظم بنتے ہی عہدے سے دستبردار ہوجاؤں گا۔
گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان کا مستعفی ہونیکا اعلان
— Governor Khyber Pakhtunkhwa (@KPGovernor) April 9, 2022
شہباز شریف کے وزیراعظم بنتے ہی گورنر کا عہدہ چھوڑ دوں گا، گورنر شاہ فرمان
شہباز شریف کے بطور وزیر اعظم اعتماد کا ووٹ لینے والے دن اپنا استعفی بجھوا دوں گا،شہباز شریف کو وزیراعظم کا پروٹوکول نہیں دے سکتا، گورنر شاہ فرمان
عہدہ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ جس دن شہباز شریف وزیر اعظم بننے کیلئے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب ہوجائیں گے، نئی حکومت کو استعفیٰ بھیج دوں گا۔
واضح رہے کہ شاہ فرمان نے گورنر خیبر پختونخوا کے عہدے کا حلف ستمبر 2018ءکو اٹھایا تھا اور ساڑھے 3سال سے اپنے فرائض نبھا رہے ہیں۔ گورنر کا کہنا ہے کہ میں شہباز شریف کو وزیر اعظم کے طور پر پروٹوکول نہیں دے سکوں گا۔
قبل ازیں تحریکِ انصاف حکومت نے جاتے جاتے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو عہدے سے برطرف کردیا۔ ان کی جگہ عمر سرفراز چیمہ نے گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ گورنر کو صوبوں میں وفاق کا نمائندہ سمجھا جاتا ہے۔