اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کچھ افراد کے آئین سے انحراف کی وجہ سے ملک مشکل وقت کا سامنا کر رہا ہے۔ 1973ءکے آئین کی گولڈن جوبلی کے موقع پر انہوں نے کہا کہ آئین کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔ منتخب پارلیمان ہی عوام کی سب سے بڑی عدالت ہے۔ اس عوامی پارلیمنٹ (عدالت) کے سامنے سب کو سر تسلیم خم کرنا پڑے گا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ وقت آگیا ہے سب آئین پر عمل کریں۔ قوم اور ملک کے مستقبل کے فیصلے کا اختیار پارلیمان کا ہے جس کو کام کرنے دیں۔ آصف علی زرداری نے ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے مسیحی برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ پاکستان میں بسنے والے غیر مسلم کو اقلیت نہ کہا جائے۔ 1973ءکے آئین میں برابر کے شہری ہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ شہید شہباز بھٹی پاکستان پیپلزپارٹی کے ہیرو ہیں۔ سابق صدر نے کہاکہ ہمارے نبی پاک نے تمام مذاہب کا احترام کرنا سکھایا ہے جو رحمة للعالمین ہیں۔
بعض افراد کا آئین سے انحراف مشکلات کا باعث ، پارلیمنٹ کے سامنے سرخم کرنا پڑے گا ، زرداری
Apr 10, 2023